گورکھپور۔ یوپی میں مسلمانوں کو ٹکٹ نہ دینے کا افسوس، ایم ایل سی سیٹ دے سکتے ہیں۔ یہ کہنا ہے سینئر بی جے پی لیڈر اور مرکزی وزیر اوما بھارتی کا۔ مرکزی وزیر اوما بھارتی نے یوپی اسمبلی انتخابات میں ایک بھی مسلم کو ٹکٹ نہیں دیے جانے پر افسوس ظاہر کیا ہے۔ گورکھپور میں نیوز 18 انڈیا سے بات چیت میں اوما بھارتی نے اس بات کا افسوس ظاہر کیا کہ پارٹی نے یوپی میں ایک بھی مسلم کو ٹکٹ نہیں دیا۔ ساتھ ہی اوما نے کہا کہ ہم انہیں قانون ساز کونسل میں نشست دے سکتے ہیں۔
نیوز 18 انڈیا سے بات چیت میں اوما بھارتی نے کہا کہ ہمیں مسلمانوں کو نشستیں دینی چاہیے تھیں۔ مجھے سچ میں افسوس ہے کہ ہم ایسا نہیں کر سکے۔ قانون ساز کونسل میں ہم کسی طریقے سے کسی مسلم معاشرے کے افراد کو لے آئیں۔ یہ میں موریا جی اور شاہ جی سے کہوں گی۔ راج ناتھ جی نے بھی یہ بات قبول کی اور میں بھی یہ بات قبول کرتی ہوں۔ ہم لوگ انہیں قانون ساز کونسل میں نشستیں دے سکتے ہیں۔
اس سے پہلے بہرائچ میں انہوں نے کہا تھا کہ ہندوستان میں اقلیتوں کی ہمیشہ حفاظت ہوئی ہے۔ ہم تعصب کی سیاست نہیں کرتے ہیں، لیکن اگر مسلمان بیٹیوں کو وظیفہ ملے تو ہندوؤں کو بھی ملنا چاہئے۔