بڈوانی:مدھیہ پردیش کے بڈوانی میں پولیس نے گزشتہ مہینہ آگرہ۔ممبئی قومی شاہراہ سے دھنئے سے بھرے ایک ٹرک کو لوٹنے کے معاملے میں ایک ڈھابا چلانے والے اور اترپردیش کے متھرا ضلع کے دو ٹرک ڈرائیوروں کو گرفتار کر لیا ہے ۔
پولیس سپرنٹنڈنٹ سدھارتھ بہوگنا نے کل یہاں بتایا کہ راج گڑھ کے پچور تھانہ علاقے کے ادن کھیڑی کے ڈھابا چلانے والے طیب شیخ، صاحب نگر تھانہ شیرگڑھ ضلع متھرا اتر پردیش کے رہنے والے ٹرک ڈرائیور شریف اور اشفاق دونوں کو گرفتار کر کے ان سے لوٹا ہوا 500 بوری دھنیا، دو ٹرک اور ایک گاڑی برآمد کی ہے ۔ ان کے صاحب نگر میں رہنے والے چار ساتھیوں راشد، شاکر، مبارک اور طاہر کی تلاش کی جا رہی ہے ۔
ملزمین کو کل عدالت میں پیش کیا گیا جہاں سے انہیں پولیس کی درخواست پر 19 اگست تک پولیس ریمانڈ پر بھیج دیا گیا ہے ۔
ملزمین نے 26 جولائی کو ٹھیکری تھانہ علاقے کے آگرہ ممبئی نیشنل ہائی وے پرخرم پورامپورا کے نزدیک بنگلور جا رہے دھنئے سے بھرے ٹرک کے سامنے ایک ٹرک اڑا کر اسے روک لیا تھا۔ اس کے بعد ڈھابا چلانے والے طیب کی کار سے آئے کچھ دیگر ملزمین نے ٹرک ڈرائیور اور کلینر سے مار پیٹ کرکے اس کا ٹرک لوٹ لیا تھا۔ ملزمین نے ٹرک کو طیب کے ڈھابے کے پیچھے خالی کر کے دیواس ضلع کے ٹونک کلا میں لاوارث طور پر چھوڑ دیا تھا۔
پولیس سپرنٹنڈنٹ نے بتایا کہ ملزمین نے مارچ کے مہینے میں مکسی (شاجاپور) سے لہسن سے بھرا ٹرک اور اپریل میں بیاورا سے سویابین سے بھرا ٹرک لوٹنے کی بات بھی قبول کی ہے