ہزاروں یونانی شہریوں نے وزیراعظم کے خطاب سے قبل، حکومت کی سخت گیر معاشی پالیسیوں کے خلاف مظاہرے کیے ہیں۔
خبروں کے مطابق ہزاروں یونانی شہریوں نے تھیسالونیکی شہر کی سڑکوں پر مارچ کیا اور حکومت کی سخت گیر معاشی پالیسیوں کے خلاف نعرے لگائے۔ یہ مظاہرے ایسے وقت میں کیے گئے جب وزیراعظم الیکسس سپراس اس شہر میں منعقد ہونے والی عالمی نمائش کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرنے والے تھے۔
مظاہرے میں یونان کی تمام اہم لیبر یونینوں کے نمائندے شریک تھے۔ اس موقع پر سیکورٹی کے کڑے انتظامات کیے گئے تھے اور پانچ ہزار پولیس اہلکاروں کو مظاہرے کے مقام پر تعینات کردیا گیا تھا۔ یونان کی معیشت کو پچھلے آٹھ برس سے شدید گراوٹ کا سامنا ہے اور حکومت یونان عالمی قرضوں کی شرائط کے مطابق معاشی کفایت شعاری کے تیسرے مرحلے پر عملدرآمد کا ارادہ رکھتی ہے۔