سرینگر : سری نگر کے مضافات زكورا میں دہشت گردوں نے مسلح سرحدی فورس (ایس ایس بی) کے جوانوں پر حملہ کر دیا ہے ۔ اس حملے میں ایس ایس بی کا ایک جوان شہید ہو گیا، جبکہ 9 زخمی ہو گئے ہیں۔ زخمیوں کو قریب کے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ واقعہ کو انجام دینے کے بعد حملہ آور موقع سے فرار ہو گئے۔ علاقے کا محاصرہ کر کے تلاشی مہم شروع کردی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق، نیم فوجی دستے کے ان جوانوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
مسلح سرحدی فورسز کے قافلے پر یہ حملہ آج شام ہوا۔ سیکورٹی فورس کے ایک اہلکار نے بتایا کہ دہشت گردوں نے ایس ایس بی کی اس گاڑی پر فائرنگ کی جس میں شہر میں قانون و انتظام کی ڈیوٹی کرنے کے بعد اہلکاروں کو اپنے کیمپ لے کر جا رہا تھا۔ خیال رہے کہ گزشتہ 29 ستمبر کو ہندوستان کی طرف سے لائن آف کنٹرول کے پار سرجیکل اسٹرائیک کے بعد سے کشمیر وادی میں ہندوستانی سیکورٹی فورسز آئے دن پاکستانی دہشت گردوں کے حملوں کا سامنا کر رہے ہیں۔ اس سے پہلے اس ہفتہ پمپور میں دہشت گردانہ حملہ میں لشکر طیبہ کے دو دہشت گردوں کو مار گرایا گیا تھا۔ یہ دہشت گرد یہاں ایک سرکاری عمارت میں گھس گئے تھے۔ ہندوستانی فوج نے تقریبا 60 گھنٹے تک تصادم کے بعد دونوں دہشت گردوں کو مار گرایا تھا۔