چھنیں گی سرکاری رہائش گاہیں، 2 ماہ کا وقت
نئی دہلی۔ اتر پردیش کے 6 سابق وزرائے اعلی کو سپریم کورٹ کی طرف سے بڑا جھٹکا ملا ہے۔ سپریم کورٹ نے مانا ہے کہ ریاست کے 6 سابق وزرائے اعلی کو اس عہدے پر رہتے ملی رہائش کے وہ حقدار نہیں ہیں۔ ان سابق وزرائے اعلی میں نارائن دت تیواری، ملائم سنگھ یادو، راج ناتھ سنگھ، مایاوتی، کلیان سنگھ اور رام نریش یادو کے نام ہیں۔
سپریم کورٹ نے سابق وزرائے اعلی سے 2 ماہ میں سرکاری بنگلہ خالی کرنے کو کہا ہے۔ عدالت عظمیٰ نے مانا کہ یہ سابق وزرائے اعلیٰ سرکاری رہائش گاہ کے حقدار نہیں ہیں۔ سپریم کورٹ نے یہ فیصلہ این جی او لوک پرہری کی درخواست پر سنایا ہے۔ بتا دیں کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ پورے ملک میں لاگو ہوتا ہے۔ ایسے میں کسی بھی ریاست میں حکومتیں سابق وزیر اعلی سے رہائش خالی کرنے کے لئے کہہ سکتی ہیں۔ یہاں یہ بھی جان لینا ضروری ہے کہ یوپی میں سابق وزرائے اعلی کو تاعمر بنگلہ ملنے کا التزام حکومت نے کیا ہوا تھا۔ اسی التزام کے تحت مایاوتی، ملائم اور راجناتھ جیسے سابق وزرائے اعلیٰ کے پاس 2-2 سرکاری رہائش گاہیں تھیں۔