شیلا نے جواب کے لئے وقت مانگا
نئی دہلی : دہلی کی اینٹی کرپشن بیورو اے سی بی کی ٹیم اتوار لو واٹر ٹینک گھوٹالہ معاملہ میں پوچھ گچھ کرنے کے لئے سابق وزیر اعلی شیلا دکشت کے گھر پہنچی۔خیال رہے کہ شیلا دکشت نے ہی اے سی بی کو پوچھ گچھ کرنے کے لئے آج کا وقت دیا تھا۔ اے سی بی شیلا دکشت سے پوچھنے کے لئے 15 سے 20 سوالات کی فہرست لے کر پہنچی اور تقریبا 15 منٹ تک شیلا سے پوچھ گچھ کے بعد ٹیم واپس لوٹ گئی ۔
ادھر شیلا دکشت نے کہا کہ میں آج ہی اتر پردیش سے آئی ہوں۔ اے سی بی نے 18 سوالات پوچھے ہیں،جن کا جواب دینے میں وقت لگے گا۔ اے سی بی نے کوئی ٹائم لائن نہیں بتائی ہے۔ کئی ایسی چیزیں ہیں ، جو مجھے یاد ہی نہیں ہیں۔
خیال رہے کہ عام آدمی پارٹی کی حکومت نے سال 2015 کے جون میں شیلا دکشت کے دور حکومت 2012 میں دہلی جل بورڈ کی طرف سے 385 پانی ٹینکر کرایہ پر لینے میں بے ضابطگیوں کی حقیقت کا پتہ لگانے کے لئے کمیٹی قائم کی تھی۔ اس پانچ رکنی کمیٹی کا قیام وزیر کپل مشرا نے کیا تھا۔