حیدرآباد: حیدرآباد کے شمس آباد ایر پورٹ کی دیوار کے قریب نامعلوم افراد کی جانب سے جانوروں کو کاٹنے کے بعد نکلنے والے فضلہ ‘ جانوروں کے باقیات اور دیگر اشیا ڈالنے کے سبب طیاروں کے اڑان بھرنے اور لینڈنگ کے وقت مشکل ہونے کی ایر پورٹ حکام نے گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن سے شکایت کی ہے ۔
ایر پورٹ حکام نے کہا کہ اس فضلہ اور جانوروں کی باقیات کے ساتھ ساتھ ہوٹلوں میں بچ جانے والی بریانی کو بھی لاکر ایر پورٹ کی دیوار کے قریب ڈالا جارہا ہے جس سے چیل ‘ کوے اور گِد ایر پورٹ کی طرف منڈلارہے ہیں ۔ ان کے طیاروں سے ٹکرانے اور طیاروں کی آمد و رفت میں خلل کا امکانہے ۔
اس سے ایک بڑا حادثہ بھی ہونے کا خدشہ ہے ۔ ایر پورٹ حکام نے اس سلسلہ میں شدید تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ اس سلسلہ میں گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے وٹرنری شعبہ سے کئی مرتبہ شکایت کی گئی تاہم اس شعبہ نے لاپرواہی کا مظاہرہ کیا ۔ ایر پورٹ حکام کی جانب سے میئر حیدرآباد اور کمشنر گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن سے شکایت کی گئی جس کے بعد میئر اور کمشنر نے کارپوریشن کے سینی ٹیشن افسروں کے ساتھ میٹنگ منعقد کرتے ہوئے جانوروں کا فضلہ اور دیگر اشیا ڈالنے کو روکنے کے اقدامات کرنے کی ہدایت دی ۔ اور کہا کہ ایسا فضلہ ڈالنے والے افراد کے خلاف معاملہ درج کیا جائے ۔