ملتان میں ”تحفظ عزاداری کانفرنس” سے خطاب کرتے ہوئے ایس یو سی پنجاب کے صدر کا کہنا تھا کہ عزاداری کو چار دیواری میں محدود کرنا ایک سازش ہے، ہم دنیا کو بتائیں گے کہ ہم ظالم کے نہیں مظلوم کے حامی ہیں۔
شیعہ علماء کونسل پنجاب کے صدر علامہ سید سبطین حیدر سبزواری نے کہا ہے کہ ہم عزاداری سیدالشہداء کو اپنی عبادت کا اہم جزو سمجھتے ہیں، عزاداری کوئی رسم نہیں کہ جسے تبدیل کر دیا جائے بلکہ عزاداری سیدالشہداء ہماری شہ رگ حیات ہے، یہ ممکن نہیں کہ ہم عزاداری جیسی عبادت سے منہ پھیر کر یزیدی حکومت کی بات مان لیں اور انتظامی اداروں اور ایجنسیوں کے دبائو میں آکر گھروں میں بیٹھ جائیں۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے ملتان میں ”تحفظ عزاداری کانفرنس” سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس کے آخر میں ڈویژنل صدر سید محمد شاہ ایڈووکیٹ نے عزاداری سیدالشہداء کے حق میں قراردادیں پیش کیں، جسے کانفرنس کے شرکاء نے بھرپور نعروں سے منظور کیا۔ کانفرنس کے شرکاء نے عہد کیا کہ جہاں بھی قائد ملت کو ہماری ضرورت پڑے گی، ہم اُن کے حکم پر جان کا نذرانہ پیش کریں گے۔ کانفرنس کے آخر میں بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی۔