یمن۔ یمن میں اطلاعات کے مطابق فرینڈلی فائر کے نتیجے میں ہیلی کاپٹر گرنے سے سعودی عرب کے 12 فوجی ہلاک ہو گئے ہیں۔ دارالحکومت صنعا کے مشرق میں واقع صوبہ مارب میں سعودی فوج کا بلیک ہاک ہیلی کاپٹر تباہ ہوا ہے۔ یمن کی وزارتِ دفاع کی نیوز ویب سائٹ کا کہنا ہے کہ فضائی دفاع کا نظام ہیلی کاپٹر کی درست شناخت نہیں کر سکا جس کی وجہ سے لینڈ کرنے سے پہلے ہی ہیلی کاپٹر تباہ ہو گیا۔
تاہم سعودی عرب کا کہنا ہے کہ اس واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور ہیلی کاپٹر کے گرنے کی وجوہات کے بارے میں ابھی کچھ کہنا قبل از وقت ہے۔ اطلاعات کے مطابق ہلاک ہونے والے سعودی فوجیوں میں افسر بھی شامل ہیں۔ یمن میں فرینڈلی فائر یا غلطی سے اپنے اتحادیوں کو نشانہ بنانے کا یہ بدترین واقعہ ہے۔ اس سے پہلے 2015 میں مارب صوبے میں سعودی اتحاد کے ایک اڈے پر باغیوں کے میزائل حملے میں 67 فوجی ہلاک ہو گئےتھے جس میں سے اکثریت متحدہ عرب امارات کے فوجیوں کی تھی۔
اس سے پہلے گذشتہ ماہ حوثی باغیوں نے اپنے زیر کنٹرول علاقے میں سعودی عرب کا اپاچی ہیلی کاپٹر مار گرانے کا دعویٰ کیا تھا۔ یمن میں سعودی عرب کی قیادت میں قائم اتحاد دو برس سے یمنی حکومت کے حمایت میں حوثی باغیوں کے خلاف فوجی کارروائیوں میں مصروف ہے۔ تقریباً دو برس قبل شروع ہونے والے تنازع کے دوران اب تک 76 سو افراد ہلاک جبکہ 42 ہزار زخمی ہو چکے ہںی۔ زیادہ تر ہلاکتیں سعودی اتحاد کی فضائی کارروائیوں میں ہوئی ہیں جبکہ یمن میں اس وقت خوراک کا شدید بحران ہے اور ملک کی 70 فیصد آبادی کو خوارک کی اشد ضرورت ہے۔