ایران کے رہنما مسلمان نہیں
دبئی : سعودی عرب اور ایران کے درمیان عازمین حج کو لے کر جاری تنازع اب مزید شدت اختیار کرتا جارہا ہے ۔ ایران کے سپریم لیڈر خامنہ ای کے ذریعہ سعودی عرب پر سنگین الزامات عائد کئے جانے کے بعد اب سعودی عرب کے سب سے بڑے مذہبی رہنما اور مفتی اعظم شیخ عبدالعزیز الشیخ نے کہا ہے کہ ایران کے رہنما مسلمان نہیں ہیں اور وہ سنیوں کو اپنا دشمن سمجھتے ہیں۔
مفتی اعظم کا یہ تبصرہ سعودی عرب کی میڈیا میں شائع ہوا ہے۔ انگریزی زبان کی عرب نیوز ویب سائٹ نے مفتی اعظم کے تبصرے پر لکھا ہے کہ ہمیں یہ سمجھنا ہوگا کہ ایران کے لوگ مسلمان نہیں ہیں۔ وہ ہم سے دشمنی رکھتے ہیں اس لئے وہ ہمارے لئے سب سے بڑے دشمن ہیں۔
خیال رہے کہ اس سے قبل ایران کے سپریم لیڈر نے گزشتہ سال حج کے دوران مکہ مکرمہ میں پیش آئے دردناک حادثہ کیلئے سعودی عرب کو ذمہ دار قرار دیا تھا ۔ اے پی نیوز کی رپورٹ کے مطابق خامنہ ای نے ایک ویب سائٹ پر لکھا تھا کہ سنگ دل اور قاتل سعودی عرب نے حادثہ کے زخمیوں کو علاج کی سہولت فراہم کرانے ، ان کی مدد کرنے اور کم از کم ان کی پیاس بجھانے کی بجائے مردہ لوگوں کے ساتھ ایک کنٹینر میں بند کردیا تھا ۔ انہوں نے ان کا قتل کیا تھا۔