نائن الیون سے متعلق امریکی بل کے خلاف
ریاض : ایک طرف جہاں امریکی کانگریس کی جانب سے نائن الیون سے متعلق ایک مزعومہ دہشت گردی قانون جاسٹا کے خلاف صدر باراک اوباما کے ویٹو کو مسترد کردئے جانے کے بعد سے ہی عالمی سطح پر اس کی تنقید اور مخالفت کی جارہی ہے، وہیں دوسری طرف ترکی نے کہا کہ وہ اس کا متبادل قانون بنانے پر غور کررہا ہے۔ سعودی عرب ، ترکی اور پاکستان سمیت متعدد مسلمان ممالک کے ساتھ ساتھ کئی یورپی ممالک نے بھی اس کو سفارتی تحفظ اور خود مختاری کے خلاف قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا ہے۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ کی ایک خبر کے مطابق ترکی کے وزیر برائے تعمیر وترقی لطفی علوان نے کہا ہے کہ ان کا ملک اور سعودی عرب جاسٹا کے خلاف متبادل قانون سازی پرغور کررے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی سرپرستی کرنے والے ممالک کے خلاف ہم بھی قانونی کارروائی کے لیے ایک ایسا ہی قانون وضع کررہے ہیں جو دہشت گردی سےمتاثرہ افراد کو کسی بھی ملک کے خلاف قانونی کارروائی کا حق دے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہماری مساعی کا مقصد جاسٹا جیسے متنازع قانون کا جواب ہے اور ہم یہ جواب اسلامی تعاون تنظیم اور یورپی ممالک کے فورم سے پیش کریں گے۔ لطفی علوان کا کہنا تھا کہ ترکی کی وزارت انصاف اور وزارت خارجہ نے جوابی قانون کی تیاری کے لیے جامع دستاویز تیار کی ہے اس کی تفصیلات جلد ہی سامنے لائی جائیں گی۔