نئی دہلی۔ سماج وادی پارٹی میں ایک بار پھر گھمسان مچنے والا ہے۔ ایک بار پھر چچا بھتیجا آمنے سامنے ہیں۔ بدھ کو ملائم سنگھ یادو نے جب اکھلیش کے قریبی وزراء اور ممبران اسمبلی کے ٹکٹ کاٹے تو ہنگامہ کی آہٹ مل گئی تھی۔
آج اکھلیش نے ٹکٹ سے محروم وزراء اور ممبران اسمبلی کی میٹنگ بلائی ہے۔ ساتھ ہی اکھلیش نے ان لوگوں کی بات ملائم سنگھ سے کرنے کا بھی بھروسہ دیا۔ اکھلیش نے کہا کہ جن لوگوں کو ٹکٹ نہیں ملا وہ تمام محنت کش لوگ ہیں۔ اس بارے میں میں نیتا جی سے بات کروں گا۔
اتر پردیش میں شیو پال اور اکھلیش کی فہرست کی لڑائی کے درمیان سماجوادی پارٹی کے سربراہ ملائم سنگھ نے فہرست جاری کی۔ جیسے ہی 325 امیدواروں کی یہ فہرست سامنے آئی ملائم خاندان میں دوبارہ طوفان اٹھ کھڑا ہوا۔ وجہ صاف سی ہے۔ اس لسٹ میں شیو پال کے چہیتوں کی بھرمار ہے۔ پارٹی نے ایک بار پھر داغیوں پر داؤں لگایا ہے۔ ملائم کی طرف سے جاری کی گئی فہرست میں عتیق احمد کو کانپور کینٹ سے ٹکٹ دیا گیا ہے۔
امر منی ترپاٹھی کے جیل میں بند بیٹے امن منی کو نوتنواں سیٹ سے ٹکٹ ملا ہے۔ مختار انصاری کے بھائی صبغت اللہ انصاری کو غازی پور محمد آباد سے ٹکٹ ملا ہے۔ ان کے علاوہ 9 سابق وزراء کو بھی ٹکٹ دیا گیا ہے، جنہیں اکھلیش یادو نے کابینہ سے برطرف کر دیا تھا۔
اس میں ریاستی صدر شیو پال یادو، شیوپال کے قریبی اوم پرکاش سنگھ، نارد رائے، شاداب فاطمہ شامل ہیں۔ ان کے علاوہ شیو کمار بیريا، راجہ مہندر اردمن سنگھ، یوگیش پرتاپ سنگھ، راج کشور سنگھ اور منوج پارس بھی شامل ہیں۔
جس وقت ملائم ان امیدواروں کی فہرست جاری کر رہے تھے اس وقت اکھلیش یادو بندیل کھنڈ کا دورہ کر رہے تھے۔ لسٹ میں اکھلیش کے قریبی جن لوگوں کا ٹکٹ کٹا ہے ان میں وزیر اروند سنگھ ‘گوپ’ کا رام نگر سے، وزیر رام گووند چودھری کا بانس ڈيہ سے اور وزیر پون پانڈے کا ایودھیا سے ٹکٹ کاٹا گیا ہے۔
اس لسٹ میں اکھلیش کے قریبی 48 ممبران اسمبلی کے ٹکٹ کاٹے گئے ہیں۔ ان میں سے زیادہ تر ایسے ہیں، جنہیں اکھلیش اپنے گھر بلا کر بات چیت کرتے ہیں۔ ان سیٹوں پر شیو پال کے قریبی لوگوں کو ٹکٹ دیا گیا ہے۔