اسلام آباد:پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں آج پھر دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں 14 افراد زخمی ہوگئے ۔موصولہ اطلاعات کے مطابق دھماکہ زرغون روڈ پر الخیر ہسپتال کے قریب ہوا،
دھماکے میں اینٹی ٹیررزم فورس (اے ٹی ایس) کے اسکواڈ کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔دھماکے کے لیے بارودی مادہ سڑک کے کنارے نصب کیا گیا تھا،
جب اینٹی ٹیررازم فورس کی گاڑی وہاں سے گزری تو ریموٹ کنٹرول سے دھماکہ کیا گیا۔دھماکے سے قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے ، جب کی سڑک پر بھی گڑھا ہو گیا۔دھماکے کے بعد سیکیورٹی فورسز اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوع پر پہنچ گئیں، فرنٹیئر کور (ایف سی)، اینٹی ٹیررزم فورس اور پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔
امدادی کارکنوں نے زخمیوں کوفوری طور پر مختلف ہسپتالوں میں منتقل کردیا ہے ۔ ریسکیو ذرائع نے 4 سیکیورٹی اہلکاروں اور 10 عام شہریوں کے زخمی ہونے کی رپورٹ دی۔صوبائی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی جائے وقوع پر پہنچ گئے اور متاثرہ مقام کا معائنہ کیا۔میڈیا سے گفتگو میں وزیر داخلہ سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ دھماکے میں 4 پولیس اہلکاروں سمیت 5 افراد زخمی ہوئے ،
2 زخمیوں کو سول ہسپتال جبکہ دیگر کو کمبائنڈ ملٹری ہسپتال (سی ایم ایچ) منتقل کیا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے ۔دھماکے کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ شریعت کورٹ کے جج کی گاڑی گزرنے کے بعد اینٹی ٹیررازم فورس کے اسکواڈ کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ مصروف شاہراہ پر 3 سے 4 کلو گرام دھماکا خیز مواد استعمال کیا گیا ہے ۔