نئی دہلی: وشو ہندو پریشد سے باہر کئے جانے کے بعد انٹرنیشنل ہندو پریشد کا اعلان کرنے والے پروین توگڑیا نے کہا ہے کہ رام جنم بھومی پر رام مندر بناکر رہیں گے۔ ساتھ ہی کاشی متھرا اور اجودھیا تینوں کے لئے قانون بنائے جائے کا بھی مطالبہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ دفعہ 370 ختم کرو، کسانوں کو قرض سے آزاد کیاجائے اور سوامی ناتھن کمیشن کا نفاذ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان روزگار کمیشن بنایا جائے، بے روزگاری بھتہ دیا جائے، اور ون رینک ون پنشن اسکیم نافذ کی جائے۔
پروین توگڑیا نے مزید کہا کہ گائے پر ایک قانون بنایاجائے، کسانوں مزدوروں کے لئے ایک قانون بنے اور اس کے فصلوں کا بیمہ کیا جائے۔ انہوں نے مودی حکومت پر حملہ کرتے ہوئے اکثریت کی حکومت ہے، لیکن گئو رکشا کے لئے کوئی قانون نہیں بنایا گیا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اکتوبر میں لکھنو سے اجودھیا کوچ کریں گے۔ 70 کروڑ کسانوں کے لئے ریلی نکالی جائے گی۔ 4 کروڑ نوجوانوں کے روزگار کے لئے تحریک چلائی جائے گی۔
اس سے قبل وشو ہندو پریشد (وی ایچ پی) کے سابق لیڈر پروین توگڑیا نے اپنی نئی تنظیم کے نام کا اعلان کردیا ہے۔ توگڑیا نے اپنی نئی تنظیم کا نام انٹرنیشنل ہندو پریشد رکھا ہے۔ نام کا اعلان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نئی ٹیم بنی ہے، وہ اپنا کام کرے گی۔ ٹیم بدلی ہے، لیکن تیور نہیں بدلے ہیں۔ نئی تنظیم کے بعد توگڑیا 26 جون کو اجودھیا بھی جائیں گے اوررام للا کا درشن (دیدار) کریں گے۔
انٹرنیشنل ہندو پریشد کے اعلان کے بعد پروین توگڑیا نے کہا کہ “انٹرنیشنل ہندو پریشد ” نامی تنظیم ملک وبیرون ملک کے سبھی ذات، تجارت، زبان، ریاست، گروپوں، جنس کے ہندووں کے سماجی، مذہبی، اقتصادی، ثقافتی اور سیاسی حقوق کے لئے کام کرے گا۔
انہوں نے بتایا کہ پہلے سے چل رہے ہندو ہیلپ لائن، انڈیا ہیلتھ لائن، ایک مٹھی اناج، ہندو ایڈوکیٹس فورم اور یوتھ سوشو اکنامک ڈولیپمنٹ فورم بھی اب مزید تیزی سے کام کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ انٹرنیشنل ہندو پریشد کے پورے ملک میں 500 سے زیادہ اضلاع ہوں گے۔
واضح رہے کہ وشو ہندو پریشد سے باہر ہونے کے بعد پروین توگڑیا نے وی ایچ پی چھوڑ کر نئی تنظیم بنانے کی بات کہی تھی۔ وی ایچ پی میں اپنے بے حد قریبی اورخاص راگھو ریڈی کے ہارنے کے بعد ناراض پروین توگڑیا منگل 17 اپریل سے احمد آباد میں غیرمعینہ بھوک ہڑتال پر بیٹھے تھے۔