نئی دہلی: ہندوستان نے چین کے ساتھ جیش محمد کے سربراہ مسعود اظہر پر اقوام متحدہ کی جانب سے پابندی اور ہندوستانی کی نیوکلیئر سپلائرز گروپ(این ایس جی) میں شمولیت کی مخالفت کا معاملہ اٹھایا اور اپنے تحفظات کا اظہار کیا۔ پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق وزیر برائے امور خارجہ سشما سوراج نے چینی وزیر خارجہ وانگ ای سے ملاقات کی دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو بہتر بنانے کیلئے سیکریٹری خارجہ کی سطح پر مذاکرات کے حوالے سے نئے مکینزم پر اتفاق کیا گیا۔ یہ ملاقات ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے جب یہ اطلاعات سامنے آئی ہیں کہ ہندوستانی وزیر دفاع منوہر پارریکر رواں ماہ واشنگٹن کا دورہ کریں گے اور یہ آٹھ ماہ کے دوران ان کا دوسرا دورہ امریکا ہوگا۔
ملاقات میں سشما سوراج نے پاک چین اقتصادی راہداری پر ہندوستان کے خدشات سے بھی چینی وزیر خارجہ کو آگاہ کیا اور دونوں رہنمائوں کے درمیان تین گھنٹے طویل ملاقات میں کشمیر کا مسئلہ بھی زیر بحث آیا۔ دونوں رہنمائوں نے سرحد کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا اور امن و استحکام کو مزید مستحکم بنانے کیلئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔