واشنگٹن:پاکستان کو دہشت گردوں کا کفیل ملک قرار دینے کے حوالے سے امریکا میں شروع کی جانے والی آن لائن مہم دستخط کی شرائط پر پوری نہ اترنے کی وجہ سے روک دی گئی ہے ۔وائٹ ہائوس نے اپنی ویب سائٹ پر پاکستان کو دہشت گردوں کا کفیل ملک قرار دینے کے لئے شروع کی جانے والی پٹیشن ممکنہ جعل سازی کے شبہے میں خارج کردی۔وائٹ ہائوس نے یہ موقف اختیار کیا ہے کہ ‘پٹیشن کو اس لیے خارج کیا گیا کیوں کہ وہ دستخط کی شرائط پر پوری نہیں اتر رہی تھی اور اب سے پر مزید دستخط نہیں کیے جاسکیں گے ‘۔قوانین کے تحت اس پٹیشن پر وائٹ ہائوس کو غور کرنے پر مجبور کرنے کے لیے ضروری تھا کہ 21 اکتوبر تک اس پر کم سے کم ایک لاکھ لوگوں کے دستخط موجود ہوں۔پٹیشن خارج کرتے وقت اس پر 6 لاکھ 25 ہزار 723 دستخط موجود تھے ۔ وائٹ ہائوس کا کہنا ہے کہ ممکن ہے ان میں جعلی دستخط بھی موجود ہوں۔یہ پٹیشن وائٹ ہائوس کے ویب پیج ‘We The People’ پر ڈالی گئی تھی جو ہر طرح کے صارف کے لیے کھلی رہتی ہے لہٰذا اس ویب سائٹ پر ویسی سیکیورٹی نہیں ہوتی جیسی دیگر حکومتی ویب سائٹس پر ہوتی ہے ۔