کہا : وادی کے لوگوں کا سفارتی اور اخلاقی محاذ پر ساتھ دیتے رہیں گے
اسلام آباد : پاکستان نے آج ایک بار پھر کشمیر کے معاملے میں دخل دیتے ہوئے اسے اپنا اہم مسئلہ بتایا اور کہا کہ پاکستان وادی کے لوگوں کا سفارتی اور اخلاقی محاذ پر ساتھ دیتا رہے گا۔ پاکستان کے اخبار ایکسپریس ٹربیون کے مطابق فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے کہا ’’وہ خود ارادیت کے حق کے لئے کشمیر کے لوگوں کی قربانی کو سلام کرتے ہیں۔ اس مسئلے کا حل اقوام متحدہ کی تجویز کو لاگو کرنے میں ہی مضمر ہے۔ پاکستان سفارتی اور اخلاقی محاذ پر کشمیر کا ساتھ دیتا رہے گا۔ کشمیر پاکستان کے شہ رگ ہے ۔ انہوں نے پاکستان کے یوم دفاع کے موقع پر ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا’’میں پاکستان کے دشمنوں کے سامنے یہ واضح کر دینا چاہتا ہوں کہ پہلے ہماری فوج کافی مضبوط تھی لیکن اب یہ ناقابل تسخیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے دشمنوں کی سازش اور منصوبوں کا پتہ ہے۔ خواہ یہ چیلنج فوجی ہو یا سفارتی، سرحد پر ہو یا ملک کے اندر۔ ہم اپنے دوستوں اور دشمنوں کے بارے میں اچھی طرح جانتے ہیں ۔ چین اور پاکستان کی دوستی کا ذکر کرتے ہوئے جنرل شریف نے کہا کہ دونوں ممالک کی دوستي باہمی احترام اور مساوات کے اصول پر مبنی ہے۔
چین پاکستان کے مقبوضہ کشمیر سے گزرنے وا لے اقتصادی کاریڈور کی تعمیر کر رہا ہے جس پر انہوں نے کہا کہ اس منصوبے میں کسی بیرونی طاقت کو راستے میں رکاوٹ نہیں بننے دیں گے، اس کے خلاف ہر کوشش کو سختی سے نمٹا جائے گا ۔ گزشتہ دنوں وزیر اعظم نریندر مودی نے چین میں جی 20 کے اجلاس کے دوران چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات میں چین ۔پاکستان اقتصادی کوریڈور کا معاملہ اٹھاتے ہوئے اسے ہندوستانی سرحد پر قبضہ بتایا تھا۔