ممبئی۔ قومی تفتیشی ایجنسی (این آئی اے) نے ذاکر نائیک کے 10 ٹھکانوں پر چھاپہ ماری شروع کر دی ہے۔ معروف اسلامی اسکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک کے خلاف حکومت نے کارروائی شروع کر دی ہے۔
آج قومی تفتیشی ایجنسی نے ممبئی میں ذاکر نائک کے ادارے اسلامک ریسرچ فاؤنڈیشن (آئی آر ایف) کے 10 ٹھکانوں پر چھاپہ ماری کی۔ این آئی اے نے کل ہی آئی آر ایف پر دہشت گردی مخالف قانون يو اے پی اے کے تحت کیس درج کیا تھا۔
ذاکر نائیک پر مبینہ طور پر اشتعال انگیز مذہبی تقریر کرنے کے الزامات ہیں۔ کچھ دن پہلے ہی مرکزی حکومت نے نائیک کے ادارے آئی آر ایف پر پانچ سال کے لئے پابندی لگا دی تھی۔
ساتھ ہی حکومت نے آئی آر ایف کے بیرون ملک سے چندہ لینے پر بھی روک لگا دی ہے۔
ذاکر نائک کے ادارے پر پابندی عائد کرنے سے پہلے اس کی غیر قانونی سرگرمیوں کی قومی تفتیشی ایجنسی نے تفصیل سے جانچ کی تھی۔ کل کیس درج کرنے کے بعد آج قومی تفتیشی ایجنسی نے مقامی پولیس کی مدد سے آئی آر ایف کے 10 ٹھکانوں پر چھاپہ ماری کی۔