لکھنو۔ شیو پال کے سماج وادی سیکولر مورچہ سے خود ملائم سنگھ ہی بے خبر ہیں۔ سماج وادی پارٹی کے سابق ریاستی صدر شیو پال یادو کے سماجوادی سیکولر مورچہ بنانے کے فیصلے پر سماج وادی پارٹی کے سرپرست ملائم سنگھ یادو کا کہنا ہے کہ سماج وادی سیکولر مورچہ کے اعلان سے پہلے شیو پال نے ان سے اس سلسلہ میں بات چیت نہیں کی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ خاندان کا کوئی بھی رکن نہیں چاہتا کہ 25 سال کی عمر اس پارٹی میں شگاف پڑے۔ انہوں نے کہا کہ شیو پال سے بات کرکے انہیں منائیں گے ۔
ملائم سنگھ یادو نے کہا کہ خاندان اور پارٹی میں کوئی بھی بکھراو نہیں چاہتا ہے ، پارٹی کو تقسیم کر کے اور کمزور کرکے انہیں کچھ نہیں ملے گا ۔ انہوں نے کہا کہ میں جانتا ہوں کہ شیو پال کے جذبات مجروح ہوئے ہیں ، لیکن مجھے نہیں پتہ کہ بیٹا اکھلیش اپنے چچا کو کیوں پسند نہیں کرتا ۔ ساتھ ہی ساتھ انہوں نے کہا کہ وہ ہمیشہ اپنے بھائی کے لئے کھڑے رہیں گے ۔
اٹاوہ کے جسونت نگر سے ایس پی کے ممبر اسمبلی شیو پال نے جمعہ کو تین ماہ میں سماجوادی سیکولر مورچہ کی تشکیل کرنے کا اعلان کرتے ہوئے ملائم کو مورچہ کا قومی صدر بنانے کا اعلان کیا تھا ۔