لکھنئو۔ یوگی کابینہ کے وزیر محسن رضا نے امیر مسلمان سے حج سبسڈی چھوڑنے کی اپیل کی ہے۔ یوپی کے اقلیتی امور کے وزیر مملکت محسن رضا نے امیر مسلمانوں سے حج سبسڈی چھوڑنے کی اپیل کی ہے۔ یوپی کی یوگی کابینہ میں واحد مسلم وزیر محسن نے اپیل جاری کر کہا ہے کہ اگر امیر لوگ حج سبسڈی چھوڑتے ہیں تو اس سے کچھ اور غریب مسلمانوں کو حج پر جانے کا موقع ملے گا۔ محسن کو ہی یوپی حکومت میں وقف اور حج محکمہ کا آزادانہ چارج دیا گیا ہے۔
محسن رضا نے کہا کہ حج کے سفر کے لئے غریبوں کو سبسڈی ملنی چاہئے نہ کہ امیر لوگوں کو۔ میں امیر مسلمانوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ حج سبسڈی چھوڑ دیں تاکہ غریب اور ضرورت مند حج پر جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ امیرلوگ تو ایک سے زائد بار حج سفر کر آتے ہیں لیکن غریب اپنی زندگی میں ایک بار بھی حج پر جانے میں مشکل محسوس کرتا ہے۔
بتا دیں کہ حج سبسڈی اس سفر میں آنے والے بڑے اخراجات کو ذہن میں رکھ کر دی جاتی ہے اور یہ بات ذہن میں رکھتے ہوئے امیروں کو اسے لینے سے گریز کرنا چاہئے۔ محسن نے کہا کہ اترپردیش کا حج کوٹہ 8000 بڑھا دیا گیا ہے اور آج یوپی کے پاس 29 ہزار نشستوں کا کوٹہ ہے۔ ریاستی حکومت یقینی بنائے گی کہ جن کے پاس حج کے سفر پر جانے کا ذریعہ نہیں ہے، انہیں حج کرنے میں مدد مل سکے۔