سنگھ سربراہ نے پھر چھیڑاہندوؤں کی آبادی کا معاملہ
آگرہ : آر ایس ایس کے سربراہ موہن بھاگوت ایک مرتبہ پھر ہندووں کی آبادی کا معاملہ چھیڑتے ہوئے ہندوؤں سے زیادہ بچے پیدا کرنے کی بات کہی ہے۔ بھاگوت نے کہا کہ کوئی قانون ہندوؤں کو بچہ پیدا کرنے پر پابندی نہیں لگاتا۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے فیصلے خاندانی حالات اور ملک کے مفاد کو ذہن میں رکھتے ہوئے لینا چاہئے۔
موہن بھاگوت نے آگرہ میں ایک کانفرنس میں یونیورسٹی اور کالج کے اساتذہ سے یہ اپیل کی ۔ بتایا جاتا ہے کہ اساتذہ نے بھی آر ایس ایس سربراہ کے سامنے اپنے سوالات رکھے، جس پر بھاگوت نے کہا کہ وہ ان کی بات کو مرکزی حکومت تک پہنچا دیں گے ، لیکن اچھا ہوگا کہ وہ اپنے سوالات خط لکھ کر وزیر تعلیم تک بھیجیں۔
آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت نے مزید کہا کہ نظام کو تبدیل کرنے کے لئے خود میں تبدیلی لانی ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے مفاد کے لئے اساتذہ کو لمبی تپسیا کرنی ہوگی۔ ان کی کوششوں سے ہی تبدیلی آئے گی۔ حکومتیں تبدیل کرنے سے اس پر فرق نہیں پڑے گا۔