سڈنی: فاسٹ فوڈ چین کمپنی مکڈونلڈ نے آسٹریلیا میں زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کی غرض سے سینپ چیٹ کے ساتھ سنیپلی کیشن نامی نیا فیچر متعارف کرادیا۔ سنیپلی کیشن دراصل سنیپ چیٹ پر بنائی گئی خصوصی ایپ ہے، جس کے ذریعے آسٹریلیا میں رہنے والے وہ نوجوان جو نوکری کرنا چاہتے ہیں اپنی تصاویر،ویڈیوز اور اپنے حوالے سے معلومات بھیج سکیں گے۔
مکڈونلڈ ان تصاویر اور ویڈیوز کو دیکھنے کے بعد نوکری کی خواہش رکھنے والے نوجوانوں کو انٹرویوز کے لیے بلائے گا۔ سنیپلی کیشن نامی یہ خصوصی ایپ صرف سنیپ چیٹ پر ہی چلائی جاسکتی ہے، جو مکڈونلڈ آسٹریلیا کی جانب سے خصوصی طور پر تیار کی گئی ہے۔
مکڈونلڈ آسٹریلیا کے مطابق اس ایپ کا مقصد زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کو نوکری کے مواقع فراہم کرنا ہے۔ اس ایپلی کیشن کی مدد سے جہاں آسٹریلوی نوجوانوں کو نوکری حاصل کرنے کا موقع ملے گا، وہیں مکڈونلڈ کو بھی تازہ اور نئے چہرے ملیں گے، جس سے ان کے کاروبار میں اضافے کی امید کی جا رہی ہے۔ آسٹریلوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق مکڈونلڈ آسٹریلیا میں ایک لاکھ 6 ہزار ملازمین ہیں، جس میں 65 فیصد ملازمین 18 سال سے کم عمر ہیں۔
سنیپ چیٹ کے 40 لاکھ سے زائد صارفین موجود ہیں، جن میں سے 82 فیصد صارفین نوجوان ہیں، آسٹریلیا میں کئی بڑی عمر کے افراد نے اپنے بچوں یا نوجوانوں سے سنیپ چیٹ سمیت دیگر سوشل سائیٹس استعمال کرنا سیکھا ہے۔ مکڈونلڈ کی اس مہم کوآسٹریلوی نوجوانوں نے اچھا قدم قرار دیا، جب کہ کچھ نوجوانوں نے اس مہم پربھی سوشل میڈیا پرمذاق کیا۔