لکھنؤ:بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کی صدر مایاوتی نے پاک مقبوضہ کشمیر میں گھس کر سرجیکل اسٹرائک کو ملک کا حوصلہ بڑھانے والا قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) فوج کے اس باہمت کام سے سیاسی فائدہ اٹھانے میں مصروف ہے ۔
محترمہ مایاوتی نے آج یہاں جاری بیان میں کہا کہ اتر پردیش اسمبلی انتخابات کے پیش نظر بی جے پی اس کاسیاسی طور پر فائدہ اٹھانے کی کوشش کر رہی ہے ۔ وہ بی جے پی کی اس کوشش کی مذمت کرتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سرجیکل اسٹرائک کے لئے تعریف اور جے جے صرف فوج کی ہونی چاہئے ۔ وزیر اعظم یا وزیر دفاع سمیت ملک کے کسی لیڈر کی اس کے لئے تعریف نہیں ہونی چاہئے ۔ بی ایس پی صدر مایاوتی نے کہا کہ لوگوں کو اندیشہ ہے کہ اتر پردیش اسمبلی انتخابات میں بی جے پی فرقہ وارانہ کشیدگی پھیلا کر ووٹوں کی تقسیم کرا سکتی ہے ۔ ہندوستان پاکستان معاملے پر نفرت پھیلائی جارہی ہے ۔ بی جے پی ایسے حربے اپنانے میں ماہر ہے ۔ انہوں نے لوگوں سے بی جے پی سے ہوشیار رہنے کی اپیل کی اور کہا کہ ملک کی یکجہتی اور سا لمیت کے لئے سماج دشمن عناصر سے محتاط رہیں۔
محترمہ مایاوتی نے کہا کہ دہشت گرد کیمپوں پر فوج کی طاقتور کارروائی کے سلسلے میں بیان بازی نہ کرنے کی ہدایت کے باوجود مرکزی وزیر مسلسل بیان دے رہے ہیں۔ یہی نہیں پوسٹر بازی بھی کی جا رہی ہے اور ہورڈنگس بھی لگائے جا رہے ہیں۔