لکھنؤ۔ مجلس علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا سید کلب جواد نقوی ان دنوں جمہوری اسلامی ایران کے سفر پر ہیں۔14 اگست کو مولانا کلب جواد نقوی ایران کے لئے روانہ ہوئے تھے۔مولانانے 15 اگست کو یوم آزادی کے موقع پر تہران میں واقع ہندوستانی سفارتخانہ میں سفیر ہندوستان کے ساتھ قومی پرچم لہرایا اور تہران میں موجود ہندوستانیوں کے ساتھ جشن آزادی میں حصہ لیا۔اسکے بعد مولانا کلب جواد نقوی اپنے ساتھیوں کے ساتھ ایران کے سابق صدر احمدی نژاد سے بھی ملے۔ مولانا عرفان مہدی اس ملاقات میں مولانا کے ساتھ رہے۔احمدی نژاد اور مولانا کلب جواد نقوی میں کئی اہم مسائل پر گفتگو ہوئی۔خاص طور پر مسلمانوں کو درپیش مسائل اور شیعہ و سنی اتحاد کی اہمیت پر بات چیت ہوئی۔مولانا کلب جواد نقوی نے سابق صدر کو ہندوستان آنے کی دعوت بھی دی جسے انہوں نے بخوشی قبول کیا اور کہاکہ وہ اسی سال انشاء اللہ ہندوستان آئینگے۔
مولانا سید کلب جواد نقوی نے کئی اہم سرکاری عہدیداروں سے بھی ملاقات کی۔اسکے بعد مولانا سید کلب جواد نقوی نے قم شہر میں موجود معروف حجتیہ مدرسہ میں کارگل کے معروف شیعہ عالم دین محمد حسین ذاکری کے ایصال ثواب کے لئے منعقد ہوئی مجلس کو خطاب کیا۔اس مجلس میں ایرانی افراد کے ساتھ ہندوستانی طلباء نے شرکت کی اور مولانا کے بیان سے مستفیض ہوئے۔