نئی دہلی/ کوالالمپور:ہندوستان کو آج اس وقت زبردست دھچکا لگا جب متنازعہ مبلغ ڈاکٹر ذاکر نائک کو ہندوستان کے حوالے کرنے کی اس کی درخواست ملائشیائی حکومت نے ٹھکرادی ۔
ملائشیا کے وزیر اعظم مآثر محمد نے آج کہا کہ ڈاکٹر ذاکر نائک کو ہندوستان نہیں بھیجا جائے گا۔ڈاکٹر نائک اپنے مبینہ نفرت انگیز تقریروں کے ذریعہ نوجوانوں کو دہشت گردانہ سرگرمیوں کی طرف مبینہ طورپرمائل کرنے کے لئے ہندوستان کو مطلوب ہیں۔ڈاکٹر نائک نے 2016 سے ملائشیا میں پناہ لے رکھی ہے ۔ ہندوستانی وزارت خارجہ نے نائک کو ہندوستان کے حوالے کرنے کیلئے جنوری میں باضابطہ درخواست دی تھی۔ملائشیائی وزیر اعظم نے ہندوستان کی درخواست مسترد کرتے ہوئے آج کہا کہ ڈاکٹر ذاکر نائک کو ملائشیا کی شہریت حاصل ہے اور جب تک وہ ہمارے ملک کے لئے کوئی پریشانی پیدا نہیں کرتے تب تک ہم انہیں کسی ملک کے حوالے نہیں کریں گے ۔ملائشیائی وزیر اعظم کے اس بیان سے ذاکر نائک کو ہندوستان لانے کی حکومت ہند کی کوششوں کو زبردست دھچکا لگا ہے ۔
خیال رہے کہ اس سے قبل جمعرات کے روز وزارت خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے کہا تھا کہ ہماری درخواست پر ملائشیا سنجیدگی سے غور کررہا ہے ۔ کوالالمپور میں ہمارا ہائی کمیشن اس سلسلے میں متعلقہ ملائشیائی افسران سے مستقل رابطہ میں ہے ۔ ہندوستان نے ملائشیا کے ساتھ حوالگی کا معاہدہ کررکھا ہے ۔واضح رہے کہ ذاکر نائک کے خلاف قومی تفتیشی ایجنسی (این آئی اے ) چارج شیٹ داخل کرچکی ہے ۔ ذاکر نائک کے خلاف غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام قانون(یو اے پی اے )اورتعزیرات ہند کے مختلف دفعات کے تحت معاملہ درج کیا گیا ہے ۔ذاکر نائک پر نفرت پھیلانے والی تقریریں کرنے اور اسلامک ریسرچ فاونڈیشن کے ذریعہ منی لانڈرنگ سمیت کئی الزامات عائد کئے گئے ہیں۔خیال رہے کہ میڈیا میں ایسی خبریں آئی تھیں کہ ملائشیا حکومت ذاکر نائک کو ہندوستان کے حوالے کرنے والی ہے ۔ اس خبر کے بعد ذاکر نائک نے بدھ کے روز اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ جب تک انہیں ہندوستان میں غیر جانبدارانہ سماعت کے تئیں مکمل اطمینان نہیں ہوجائے گا ان کا ہندوستان آنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے ۔،مجھے جب اطمینان ہوجائے گاتو انشا اللہ میں اپنے وطن ضرور واپس آوں گا۔دریں اثنا ملائشیا کے وزیر اعظم کے بیان کے بعد امور داخلہ کے مرکزی وزیر مملکت ہنس راج اہیر نے کہا کہ ابھی نہیں تو کبھی نہ کبھی ذاکر نائک کو گرفتار کیا ہی جائے گااور انصاف ہوگا۔ اسے چھوڑا نہیں جائے گا۔