نئی دہلی۔ جامعہ ملیہ اسلامیہ کے وائس چانسلر پروفیسر طلعت احمد نے جامعہ کے طلباء کو ہمت دلاتے ہوئے کہا کہ وہ فوج میں شامل ہوکر ملک کی خدمت کریں۔ ہندوستانی فوج، وزارت دفاع اور جامعہ کی مشترکہ قیادت میں حال ہی میں جموں کشمیر کی زمینی حقیقت دیکھ کر واپس لوٹے یونیورسٹی کے طلباء سے پروفیسرطلعت احمد نے کہا، ’’ آپ لوگوں نے کشمیر کی وادیاں ہی نہیں، وہاں فوج کی زندگی بھی قریب سے دیکھی ہے۔
آپ میں سے بہت سے لوگ فوج کا حصہ بننا چاہتے ہیں۔ میں چاہوں گا کہ آپ ہندوستانی فوج میں شامل ہوں اور ملک کی خدمت کریں۔ فوج میں شامل ہوکر بہادری اور عزم و ہمت کے مہم کو سر کرنے کا موقع ملنے کے ساتھ ہی عزت بھی ملتی ہے۔ ‘‘ انہوں نے کہا کہ جامعہ کا آزادی کی لڑائی سے لے کر اب تک ملک کی خدمت کا اپنا ایک منفرد تاریخی کرداررہا ہے اور اسے برقرار رکھتے ہوئے آگے بڑھنا چاہئے۔
اس پروگرام کے تحت جامعہ کے 28 طلبا ء جن میں 14 لڑکے اور 14 لڑکیاں شامل ہیں، 4 اپریل سے 13 اپریل تک جموں وکشمیر کے دورے پر گئے تھے۔ اس دوران یہ سول اور فوجی کیمپوں میں ٹھہرے اور سرحدوں کے قریب فوجیوں کی زندگی کا قریب سے مشاہدہ کیا۔
یہ طلباء جامعہ کی ڈین اسٹوڈنٹس ویلفیئر پروفیسر تسنیم مینائی کی قیادت میں گئے تھے۔ اس موقع پر جموں و کشمیر میں ان طلباء کے ساتھ گئے میجر مہندر سنگھ نے بتایا کہ جامعہ کے طلباء کی حوصلہ افزائی کو دیکھ کر شمالی کمان کے چیف آف اسٹاف بہت خوش ہیں۔انہوں نے بتایا کہ فوج کا مرکزی دفتر جامعہ کے طلباء کی اس سفرِ جموں کشمیر کی ایک دستاویزی بنا رہا ہے جو جلد ہی این ڈی ٹی وی اور دیگر کئی چینلز سے نشر ہو گی۔
جامعہ کے رجسٹرار اے پی صدیقی آئی پی ایس نے کہا کہ یونیورسٹی کے طلباء کو جموں کشمیر جاکر وہاں کے اصل حالات کا خود جائزہ لینے کا پروگرام وائس چانسلر کا ڈریم پروجیکٹ تھا۔ اس سفر پر گئے کئی طلبا و طالبات نے کہا کہ وہ فوج میں شامل ہونا چاہتےہیں۔
پروفیسرطلعت احمد نے بتایا کہ جامعہ کا ہندوستانی فوج، بحریہ اور فضائیہ کے ساتھ ایک قرار داد پر مفاہمت بھی ہوا ہے جس کے تحت ان فوجوں سے بہت سے نوجوان اور افسر جامعہ میں تعلیم لینے آتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ طلباء ہی نہیں جامعہ اساتذہ کو بھی گروپ بنا کر جموں کشمیر کے دورے پرجانا چاہئے جس سے وہ وہاں کی اصل صورت حال سے آگاہ ہو سکیں۔
پروفیسر مینائی نے بتایا کہ شروع میں طلباء کے ماں باپ بچوں کو کشمیر بھیجنے میں ہچکچا رہے تھے لیکن اب وہ ان کے تجربات جان کر انتہائی خوش ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ فوج نے جامعہ کے طلباء کا بہت خیال رکھا۔ انہوں نے بتایا کہ ان طلباء کو جموں کشمیر کی وزیر اعلی محبوبہ مفتی سعید نے اپنے گھر بلا کر ان سے ملاقات کی اور تحفے کے طور پر ایک دن کے لئے شکارے میں ٹھہرایا۔ اس دورے کا اہم مقصد کشمیر کی ثقافت و کلچر کو سمجھنا تھا۔
جامعہ ملیہ اسلامیہ کے طلباء نے ہندوستانی فوج کے ذریعہ ریاست میں امن اور ترقی کے لئے کئے جارہے اقدا م کو قریب سے دیکھا ۔ ان طلباء نے نشاط باغ، حضرت بل درگاہ، ڈل جھیل گئے اور برف پرا سکنگگ کا لطف اٹھایا۔