عالمی ذرائع ابلاغ میں آنے والی رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ عراق اور شام سمیت دنیا کے کئی دوسرے ملکوں میں اسلامی خلافت کے قیام کی دعوے دار سخت گیر تنظیم دولت اسلامی ’داعش‘ میں شامل بیشتر جنگجو اسلام اور شریعت کی بنیادی تعلیمات سے بھی نابلد ہیں۔
امریکی اخبار “نیویارک پوسٹ” نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ یورپی ملکوں سے داعش میں شامل ہونے کے خواہش مند افراد نہ صرف یہ کہ اسلامی تعلیمات سے ناواقف ہوتے ہیں بلکہ وہ داعش کے کلچر اور طریقہ واردات سے بھی اچھی طرح آگاہ نہیں ہوتے۔ ان کا مبلغ علم آن لائن دستیاب اس لٹریچر تک محدود ہوتا ہے جس میں مخصوص انداز میں اسلام کی تعبیر پیش کی گئی ہے۔ زیادہ تر جنگجو انٹرنیٹ پر دستیاب ’اسلام بے وقوفوں کے لیے‘ جیسی کتابوں کا سہارا لیتے ہیں۔
خبر رساں ادارے’ ایسوسی ایٹڈ پریس‘ کی جانب سے جاری کردہ ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ماہرین نے داعش کے قبضے سے حاصل ہونے والی 3000 دستاویزات کا جائزہ لیا جس سے یہ معلوم ہوا کہ داعش کی صفوں میں شامل ہونے والے نئے جنگجوؤں کی 70 فی صد تعداد اسلام کی بنیادی اور اساسی تعلیمات سے بھی ناواقف ہوتی ہے۔
داعش کی صفوں میں رہنے کے بعد یورپی ملکوں میں واپسی پر گرفتار ہونے والے جنگجوؤں نے اعتراف کیا کہ وہ اسلام کے بارے میں جان کاری حاصل کرنے کی خاطر ’’ایمازون‘‘ ویب سائیٹس سے کتب خریدتے رہے ہیں۔ انہوں نے اسلام کے بارے میں معلومات انٹرنیٹ سے حاصل ہونے والی کتب سے حاصل کیں۔
متعدد سابق جنگجوؤں نے کہا کہ وہ داعش کے طریقہ کار اور اس کے کلچر سے بھی اچھی طرح واقف نہیں تھے۔ بعض جنگجو داعش کے زیرقبضہ علاقوں میں پرسکون زندگی گذارنے کے دعوؤں کی بنیاد پر تنظیم میں شامل ہوئے۔ بعض جنگجو صرف اس لیے داعش کا حصہ بنے کیونکہ وہ شامی رجیم کے خلاف برسرپیکار ہے۔
برطانیہ میں شام سے واپسی پر پکڑے گئے دو جنگجوؤں محمد احمد اور یوسف سرور نے بتایا کہ انہوں نے داعش میں شمولیت سے قبل “ناواقف لوگوں کے لیے اسلام” اور “آگاہی نہ رکھنے والوں کے لیے قرآن” جیسی کتب کا مطالعہ کیا۔
داعش کی جانب سے مخالفین پر انسانیت سوز مظالم پر بات کرتے ہوئے ماہرین کا کہنا ہے کہ داعش میں شدت پسندی کا کلچر اسلامی تعلیمات سے لا علمی کا نتیجہ ہے۔ جامعہ الازھر میں اسلامی عقیدہ کے استاد ڈاکٹر محمد عبدالفضل کا کہنا ہے کہ داعش میں شامل بیشتر جنگجو اسلام کے طریقہ جنگ سے آگاہ نہیں ہوتے۔ یہی وجہ ہے کہ وہ بے گناہ شہریوں کونہایت بے رحمی کے ساتھ قتل کرتے ہیں۔