جودھ پور: ایران اور ہندوستان کے رشتے آریوں کے زمانے سے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار ہندوستان میں ایران کے رہبر معظم آیت اللہ مہدی مہدوی پور نے کیا۔ ایران کے رہبر معظم(سپریم لیڈر) مذہبی رہنما آیت اللہ العظمی سید علی خامہ ای کے ہندوستان میں نمائندے آیت اللہ مہدی مہدوی پور نے اپنے جودھ پور کے قیام کے دوران مولانا آزاد یونیورسٹی میں”ہندوستان اور ایران کے ثقافتی تعلقات” پر اپنی تقریر میں طلبہ و طالبات اور لیکچررس سے کہا کہ ہندوستان اور ایران کے ثقافتی ، لسانی رشتے ہزاروں سال پرانے ہیں۔
انہوں نے خاص کر راجستھان اور ایران کے درمیان اجمیر میں خواجہ معین الدین چشتی اور ناگور کے حمید الدین ناگوری کے حوالے سے کہا کہ یہ دونوں ایرانی تھے اور انہوں نے راجستھان کو اسلامیات اور تصوف کی تبلیغ کا مرکز بنایا۔ آیت اللہ مہدی مہدوی پور نے مولانا آزاد یونیورسٹی اور مارواڑ مسلم ایجوکیشنل اینڈ ویلفےئر سوسا ئٹی جودھپور کی طرف سے قائم ادارے اور فلاح و بہبودی کے لئے چلنے والے اداروں کے تعاون کو خوب سراہا۔
انہوں نے یونیورسٹی کے قیام کو سوسائٹی کا ایک بڑا کارنامہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے ایران کی یونیورسٹیوں اور مولانا آزاد یونیورسٹی میں نئے رشتوں کی شروعات ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ایران اور ہندوستان کے رشتے آج کے نہیں بلکہ آریوں کے زمانے سے ہیں۔ نئی نسل کو علم حاصل کرنے کے ساتھ اپنے مذہبی اصولوں اور روحانیت پر بھی زور دینا چاہئے۔ انہوں نے ساری دنیا کے لئے ہندوستان کے امن اور دوستانہ پیغام کی خوب تعریف کی۔