نئی دہلی:دارالحکومت دہلی کے انڈیا گیٹ پر آزادی کی سترویں سالگرہ کے موقع پر کل سے سات دن کا جگمگاتا”بھارتیہ پرو”شروع ہورہا ہے جسے پرکشش جِنگل ”پیدل گھومو ہندوستان ”بنایا گیا ہے ۔تاج مان سنگھ روڈ اور جنپتھ کے درمیان پھیلے انڈیاگیٹ کے لان میں روشنی میں نہائے ”بھارت پرو”میں ہندوستان کی رنگا رنگ ثقافت کی انوکھی جھانکی ہوگی۔لیکن اس پرو میں دہلی حکومت شرکت نہیں کر رہی ہے ۔سیاحت کے سکریٹری ونود زتشی نے آج یہاں نامہ نگاروں کو بتایا کہ اس سال لال قلعہ کے احاطے سے 26جنوری کے موقع پر شروع کیا گیا پرو اب کل سے انڈیا گیٹ کے لان میں منعقد کیا جائے گا۔اس میں داخلے کے لئے کوئی فیس نہیں ہوگی لیکن شائقین کو اپنا کوئی شناختی کارڈ لے جانا ہوگا۔پروگرام میں تقریباً 40ہزار لوگوں کے حصہ لینے کا انتظام کیا گیا ہے ۔بھارت پرو کا افتتاح وزیردفاع منوہر پریکر کریں گے جبکہ پروگرام کی صدارت اطلاعات و نشریات کے مرکزی وزیر وینکئیا نائیڈو کریں گے ۔تقریب میں مہمان خصوصی کے طور پر سیاحت و ثقافت کے مرکزی وزیر مملکت مہیش شرما بھی موجود ہوں گے ۔
مسٹر زتشی نے بتایا کہ لوگوں میں حب الوطنی کے جذبے کو پھیلانے اور خوشحال رنگارنگ تہذیب کو پیش کرنے اور عوام کی شراکت کو فروغ دینے کے لئے ”بھارت پرو”کا انعقاد کیا گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ کل شام پانچ بجے افتتاح ہونے کے بعد فوج،فضائیہ اور بحریہ کے بینڈ بھی اپنی دھن پیش کریں گے ۔پہلے راج پتھ پر یہ بینڈ مارچ کرتے ہوئے اپنی دھن بجائیں گے اورپھر افتتاحی مقام کے نزدیک بنے اسٹیج پر بھی ان کا پروگرام پیش ہوگا۔انہوں نے بتایا کہ بھارت پرو میں 17ریاستوں کے تھیم منڈپ ہوں گے اور کھانے پینے کے 50اور دست کاری کے 50اسٹال ہوں گے ۔
مسٹر زتشی نے بتایا کہ بھارت پرو میں اطلاعات و نشریات کی وزارت کی جانب سے ” آزادی کے 70سال یاد کرو قربانی ”موضوع سے ایک نمائش بھی لگائی جائے گی۔افتتاحی تقریب میں شام ساڑے چھ بجے سے رات نو بجے کل ہند سطح کا تہذیبی پروگرام ہوگا۔13اگست سے یہ پروگرام دوپہردو بجے سے رات نو بجے تک چلے گا۔بھارت پرو میں اتر پردیش ،اتراکھنڈ ،راجستھان ،مدھیہ پردیش ،پنجاب ،ہریانہ ،گجرات ،جموں وکشمیر ،ہماچل پردیش ،میزورم،اڑیسا،تریپورا،تمل ناڈو ،سکم،میگھالیہ ،کیرالہ،کرناٹک ،جھارکھنڈ ،مہاراشٹر،منی پور وغیرہ ریاستیں حصہ لیں گی۔بھارت پرو میں کلاسیکل رقص،وطن پرستی کے نغمے ،فوک ڈانس ،مارشل آرٹ،لوک کلا،قبائلی رقص کے بھی پروگرام ہوں گے ۔