کربلائے معلی میں عاشور کے موقع پر زائرین اور عزاداروں کے تحفظ کے لئے مخصوص ڈرون طیاروں سے بھی کام لیا گیا۔
کربلائے معلی سے ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق عراقی فضائیہ کے کمانڈر حامد المالکی نے بتایا ہے کہ فضائیہ نے عزاداران حسینی کی حفاظت میں بھرپور حصہ لیا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ کربلائے معلی میں زائرین اور عزاداروں کی حفاظت کے لئے پہلی بار مخصوص ڈرون طیاروں سے بھی کام لیا گیا۔ انھوں نے بتایا کہ اس کے ساتھ ہی عراقی فضائیہ کے جنگی طیارے کربلائے معلی اور اس کے اطراف کے علاقوں پر مستقل طور پر پرواز کر رہے ہیں۔
عراقی فضائیہ کے کمانڈر حامد المالکی نے بتایا کہ عراق کے دوسرے علاقوں اور دیگر ملکوں سے زائرین اور عزاداروں کی آمد کا سلسلہ دس دن پہلے شروع ہو گیا تھا اور اسی وقت سے کربلائے معلی کی حفاظت کے مخصوص سیکورٹی پلان کا نفاذ عمل میں لایا گیا۔
کربلائے معلی میں عزاداری کے انتظامی امور کے انچارج ریاض السلمان نے بھی بتایا ہے کہ زائرین اور عزاداروں کی حفاظت کے لئے تیس ہزار سیکورٹی اہلکاروں کی خدمات حاصل کی گئیں۔ فرات آپریشنل کمان کے کمانڈر قیس خلف رحیمہ نے بتایا ہے کہ کربلائے معلی میں زائرین اور عزاداروں کی حفاظت کے لئے پولیس، فوج اور عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی کے جوانوں کو تعینات کیا گیا ہے جن میں چھے سو خاتون سیکورٹی اہلکار بھی شامل ہیں۔