نئی دہلی: وزارت اقلیتی امور کی کوششوں کو آج اس وقت بڑی کامیابی ملی جب سعودی حکام نے ہندوستانی عازمین حج کا تخفیف شدہ 20 فیصد کوٹہ بحال کردیا، جو سعادت حج سے محروم رہ جانے والے عازمین کی بڑی تعداد کے لئے ایک بڑی خوشخبری ہے۔ مرکزی وزیر ملکت برائے اقلیتی امور (آزادانہ چارج) مختار عباس نقوی کی سعودی حکام اور ہندوستان میں تعینات سعودی سفیر سعود بن محمد اساتی سے مسلسل بات چیت اور کوششوں کے نتیجہ میں سفر حج پر جانے کا ارادہ رکھنے والے ہندوستانیوں کو یہ بڑا تحفہ ملا ہے۔
باوثوق ذرائع نے بتایا کہ سعودی حکومت میں نائب وزیر اعظم اور سعودی سپریم حج کمیٹی کے چیئر مین شہزادہ محمد نائف نے حکومت ہند کی مسلسل جدوجہد کے نتیجے میں یہ فیصلہ کیا ہے۔ مسٹر مختار عباس نقوی نے ہندوستانی مسلمانوں کے مطالبے پر اپنی لگاتار کوششوں کے ذریعے یہ کامیابی حاصل کی ہے۔
خیال رہے کہ حرمین شریفین کی بڑے پیمانے پر توسیع کے لئے جاری تعمیراتی سرگرمیوں کی وجہ سے سعودی حکومت نے سال 2013 میں ساری دنیا کے عازمین کے کوٹے میں تخفیف کردی تھی، جس کی وجہ سے ہندوستانی عازمین حج کے کوٹہ میں اسی وقت سے 20 فیصد کی تخفیف کا سلسلہ جاری تھا، جس کے سبب سفر حج پر جانے والے ہندوستانی مسلمانوں کی بڑی تعداد سعادت حج سے محروم ہوجاتی تھی۔
سعودی حکومت کی طرف سے ہندوستانی عازمین کی تعداد میں تخفیف کی وجہ سے گذشتہ برس تقریبا ً ایک لاکھ 36 ہزار ہندوستانی عازمین سفر حج پر گئے تھے جن میں سے تقریباً ایک لاکھ افراد حج کمیٹی آف انڈیا کے ذریعے جبکہ تقریباً 36 ہزار لوگ پرائیویٹ ٹور آپریٹر کے ذریعے سفر حج پر گئے تھے۔ واضح رہے کہ حج 2016 میں ملک بھر کے تقریباً چار لاکھ افراد نے سفر حج پر جانے کے لئے درخواستیں دی تھی لیکں کوٹے میں تخفیف کو ختم کردیئے جانے کے بعد اب حج 2017 میں ایک لاکھ 70 ہزار ہندوستانی عازمین کے سفر حج پر جانے کا راستہ صاف ہوگیا ہے۔
مسٹر نقوی نے وزارت اقلیتی امور کے آزادانہ چارج لینے کے بعد اقلیتوں کی بہبود کے لئے جو تیز رفتار اقدامات کئے ہیں، ان میں عازمین حج کے کوٹے میں اضافہ ان کی ایک بڑی کامیابی ہے۔ باوثوق ذرائع نے بتایا کہ مسٹر نقوی آئندہ 11 جنوری کو جدہ میں سعودی وزیر حج کے ساتھ ملاقات کرکے ہندستانی عازمین حج کےکوٹے میں مزید اضافے کے لئے دونوں حکومتوں کے درمیان باقاعدہ ایگریمنٹ پر دستخط کریں گے جس کے بعد ایک لاکھ 70 ہزار عازمین کے کوٹے میں مزید 20 فی صد کا اضافہ ہونے کی قوی امید ہے۔
مرکزی وزیر اقلیتی امور نے جہاں اقلیتی کی بہبود کے لئے بہت ساری اسکیموں پر خصوصی توجہ دی ہے وہیں انہوں نے سفر حج پر جانے کے خواہش مند ہندستانیوں کو مزید سہولتیں فراہم کرانے کے لئے کئی اہم اقدامات کئے ہیں جن میں سفر حج کے لئے حج ویب سائٹ ، موبائل ایپ اور دیگر ڈجیٹل سہولتیں شامل ہیں جن میں حج سے متعلق تمام تفصیلات کے علاوہ ارکان کی ادئیگی کی تفصیلات بھی در ج ہیں۔ اس کے علاوہ وزارت اقلیتی امور نے عازمین حج کو حج کے آن لائن دینے کےعمل کو فروغ دینے کے لئے کئے اقدامات کئے ہیں۔ خیال رہے کہ حج 2017 کے لئے 2 جنوری سے فارم بھرنے کا عمل شروع ہوچکا ہے جو آئندہ 24 جنوری تک جاری رہے گا۔
واضح رہے کہ وزارت اقلیتی امور اور حج کمیٹی آف انڈیا نے حج 2017 کے لئے قبل از وقت تیاریاں شروع کر دی ہیں تاکہ عازمین کو ان کے سفر کے دوران کسی بھی طرح کی کوئی پریشانی نہ ہو۔ حج 2017 کے لئے ملک بھر سےموصولہ مختلف تجاویز کی بنیاد پر سعودی عرب کی حکومت اور حج سے متعلق ہندستان کی مختلف ایجنسیوں سے صلاح و مشورہ کا عمل جاری ہے ۔ شہری ہوا بازی کی وزارت کے حکام سے بھی کہا گیا ہے کہ عازمین حج کو جدید ترین سہولتوں سے لیس طیارے دستیاب کرائے جائیں۔