اقوام متحدہ کے دفتر تک مارچ کی کال بھی ناکام
کشمیر انتظامیہ نے جمعہ کے دن موسم گرما کے دارالحکومت سری نگر کے 7 پولیس تھانوں کے تحت آنے والے علاقوں میں کرفیو اور باقی ماندہ حصوں میں سخت ترین بندشیں عائد کرکے علیحدگی پسند قیادت کی طرف سے دی گئی ’اقوام متحدہ فوجی مبصرین کے دفتر‘ تک مارچ کی کال ناکام بنادی۔کرفیو کے باعث سری نگر کے پائین شہر میں واقع تاریخی جامع مسجد میں آج مسلسل تیرہویں دفعہ نماز جمعہ ادا نہ کی جاسکی۔ اس کے علاوہ سری نگر کی متعدد دیگر مساجد میں بھی نماز جمعہ ادا کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔
سول لائنز میں اقوام متحدہ کے دفتر سے کچھ دوری پر واقع سعید صاحب سونہ واراور ٹی آر سی مسجد میں بھی نماز جمعہ ادا کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ تاہم کرفیو اور سخت ترین بندشیں عائد رہنے کے باوجود وادی میں نماز جمعہ کی ادائیگی سے قبل اور اس کے بعد متعدد مقامات پر احتجاجی مظاہرین اور سیکورٹی فورسز کے درمیان جھڑپیں ہوئیں ۔