حیدرآباد:تلنگانہ کے دونوں جڑواں شہروں حیدرآباد اور سکندرآباد میں آج صبح کی اولین ساعتوں میں ہوئی شدید بارش سے غیر معمولی تباہی ہوئی ہے ۔ بارش کی وجہ سے آج شہر کے تمام علاقوں میں سڑکیں پانی میں ڈوبی ہوئی نظر آئیں اور گھنٹوں ٹریفک جام رہی ۔ بعض علاقوں میں بجلی کی سپلائی میں رکاوٹ کی بھی اطلاعات ملی ہیں۔ حیدرآباد کے پرانے شہر کے تالاب کٹہ ‘ بھوانی نگر ‘ بابا نگر ‘ چندرائن گٹہ اور دیگر علاقوں میں مکانات میں پانی داخل ہوگیا ۔پرانے شہر کے ساتھ ساتھ سکندرآباد ‘ بیگم پیٹ ‘ ترملگری ‘ الوال ‘ کشائی گوڑہ ‘ ملکاجگری ‘ کیسرا ‘ ای سی آئی آیل ‘ پنجہ گٹہ ‘ امیر پیٹ ‘ ایس آر نگر ‘ رامنتا پور ‘ کاپرا ‘ کوکٹ پلی ‘ قطب اللہ پور ‘ میاں پور ‘ بنجارہ ہلز ‘ جوبلی ہلز ‘ عابڈس ‘ نامپلی ‘ بشیر باغ ‘ بیگم پیٹ ‘ بوئن پلی ‘ چلکل گوڑہ ‘ اڈہ گٹہ ‘ اپل ‘ رامنتا پور کے علاوہ کئی علاقوں میں بارش ہوئی ۔ کئی مقامات پر ڈرینج ابلتے ہوئے نظر آئے ۔ نالوں میں پانی کا تیز بہاؤ دیکھا گیا ہے ۔
انتظامیہ کی طرف سے صبح میں بارش کے سبب سرکاری ملازمین کو تاخیر سے دفتر آنے کی اجازت دی گئی تھی ۔ ایسا محسوس ہورہا تھا کہ حیدرآباد میں زندگی تھم گئی ہے ۔ شہر کے مختلف علاقوں میں 32سے 95ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے ۔بارش کے فوری بعد کمشنر گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن (جی ایچ ایم سی )بی جناردھن ریڈی نے ہنگامی ٹیمیں تشکیل دیتے ہوئے امدادی سرگرمیوں کی انجام دہی کیلئے چوکسی اختیار کی ۔ جی ایچ ایم سی کی طرف سے کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے جس کا نام نمبر 040-21111111 ہے ۔اس کے علاوہ عوام 100 پر بھی اپنی شکایتیں درج کراسکتے ہیں۔
کمشنر جی ایچ ایم سی جناردھن ریڈی اور میئر حیدرآباد بی رام موہن نے شدید بارش سے پیدا شدہ صورتحال کا جائزہ لیا ۔ انہو ں نے افسروں سے اس سلسلہ میں تفصیلات حاصل کیں اور وقتاً فوقتاً پانی کی نکاسی ‘ مین ہولس کے سلسلہ میں ہدایتیں جاری کیں ۔شدید بارش کو دیکھتے ہوئے کمشنر گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن جناردھن ریڈی نے شدید بارش میں گھروں سے نہ نکلنے کی عوام سے اپیل کی ۔ انہوں نے کہا کہ بلدیہ کے ایمرجنسی اسکواڈ کوچوکس کردیا گیا ہے ۔انہوں نے افسروں کو ہدایت دی کہ بارش کا پانی جمع ہونے والے مقامات سے پانی کی نکاسی کریں ساتھ ہی تمام خطرناک مین ہولس پر بھی نظر رکھیں اور انہیں نہ کھولا جائے ۔ اسی دوران چیف سکریٹری راجیو شرما نے اس شدید بارش سے پیدا شدہ صورتحال کا جائزہ لیا ۔ ابتدائی ایک گھنٹہ کے دوران اپل میں 65′ راجندر نگر میں 36’ ملکاجگری میں31.5 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ۔ شدید بارش کے سبب بس اسٹیشنس کے پاس پانی جمع ہوجانے سے آر ٹی سی بسیں سڑکوں پر ہی دیکھی گئیں ۔
سڑکوں پر پانی کے جمع ہوجانے سے کئی گاڑیاں ڈوب گئیں ۔ اسکولی بچوں کو بھی تاخیر سے اسکول پہونچنا پڑا ۔ حیدرآباد کے ہائی ٹیک سٹی ‘ لکڑی کا پل ریلوے اسٹیشنس پر پانی اندر داخل ہوگیا ۔ کئی ایم ایم ٹی ایس ٹرینوں کو منسوخ کردیا گیا ہے ۔ بلدی حکام نے نشیبی علاقوں کے عوام کو محفوظ مقامات پر منتقل ہوجانے کا مشورہ دیا ہے ۔ حسین ساگر میں پانی کی سطح میں چار فٹ کا اضافہ درج کیا گیا ہے ۔ شہر میں پنجہ گٹہ سوماجی گوڑہ ‘ کوکٹ پلی ‘ چادر گھاٹ ‘ مہدی پٹنم ‘ ٹولی چوکی ‘ دلسکھ نگر ‘ شمس آباد ‘ راجندر نگر ‘ قطب اللہ پور ‘ دبیر پورہ اور دیگر مقامات پر پانی کے جمع ہوجانے سے ٹریفک کی طویل قطاریں دیکھی گئیں ۔بلدی اہل کاروں کو امدادی سرگرمیو ں میں مصروف دیکھا گیا ۔بارش کے سبب خیریت آباد ریلوے اسٹیشن میں ٹکٹ بکنگ کاونٹر پر پانی جمع ہوگیا ۔ مسافرین اور افسروں کی گاڑیاں ڈوب گئیں ۔ سوماجی گوڑہ کے قریب درخت گر پڑا ۔
راج بھون کے قریب پٹریوں پر پانی جمع ہوگیا ۔ وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی راما راؤ نے بھی بارش سے پیدا صورتحال کا جائزہ لیا ۔شدید بارش کو دیکھتے ہوئے موسی رام باغ پل کو عوام کیلئے بند کردیا گیا ۔کے ٹی راما راؤ نے نشیبی علاقوں میں رہنے والوں کو منتقل کرنے کے اقدامات کی بھی ہدایت دی ۔بارش کے سبب پرانی اور مخدوش عمارتوں میں رہنے والوں کو خالی کراتے ہوئے محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی بھی ہدایت دی گئی ہے ۔ ساتھ ہی جی ایچ ایم سی حکام نے کہا کہ یہ عمارتیں محفوظ نہیں ہے ۔ ان کا فوری طور پر تخلیہ کیا جائے ۔ پرانی عمارتوں میں رہنے والے فوری طور پر منتقل ہوجائیں ۔
ٹریفک کو دور کرنے میں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔ ناچارم کی کئی کالونیوں میں پانی جمع ہوگیا ۔ ونستھلی پورم ‘ اپل میں بھی بارش کا پانی جمع ہونے کی اطلاع ملی ہیں ۔
بارش کے سبب شمس آباد ایر پورٹ میں بھی پانی داخل ہوگیا ۔ جس سے طیاروں کی آمد و رفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔حیدرآباد سے دہلی بنگلور ‘ چینئی سمیت آندھراپردیش کے وشاکھا پٹنم ‘ راجمندری تروپتی جانے والے طیاروں کی روانگی میں تاخیر ہوئی ۔اسی دوران خلیج بنگال میں ہوا کے کم دباؤ کے سبب آئندہ تین دنوں کے دوران ساحلی آندھرا ‘ رائل سیما اور تلنگانہ میں مزید بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے جبکہ گزشتہ دو دنوں سے تلنگانہ کے اضلاع محبوب نگر ‘ نلگنڈہ ‘ کھمم ‘ کریم نگر ‘ عادل آباد اور نظام آباد میں بھی بارش ہوئی ۔