نئی دہلی:پارلیمنٹ میں آج اتر پردیش کے ایٹہ ضلع میں زہریلی شراب سے 50 افراد کی موت ہونے کا معاملہ اٹھا اور اس کی تفتیش سی بی آئی سے کرانے کا مطالبہ کیا گیا۔
ایٹہ سے بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما راجبیر سنگھ نے وقفہ صفر میں یہ معاملہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ ایٹہ کی علی گنج تحصیل میں ہوئے اس حادثے میں 50 اموات ہوئی ہیں ، 150 لوگ اسپتال میں بیمار پڑے ہوئے ہیں،
50 سے 60 لوگ بینائی سے محروم ہوگئے ہیں اور 200 لوگوں کے گردے خراب ہو گئے ہیں۔
مسٹر سنگھ نے کہا کہ بی جے پی کی سات رکنی پارلیمانی پارٹی نے جائے حادثہ کا دورہ کیا ہے اور پتہ چلا ہے کہ ریاست کی سماجوادی پارٹی کی حکومت کے تحفظ میں شراب کی غیر قانونی بھٹی چل رہی ہے اور حکومت کے خوف سے کوئی منہ کھولنے کو تیار نہیں ہے ۔
انہوں نے کہا کہ آبکاری محکمہ خود وزیر اعلی کے ما تحت ہے ۔ آبکاری محکمہ کے حکام پر تعزیرات ہند کی دفعہ 302 کے تحت کارروائی ہو اور پورے معاملے کی سی بی آئی سے تفتیش کرائی جائے ۔