ممبئی۔ ای میل ایڈریس اب اردو اور دیگر زبانوں میں بھی لکھا جاسکے گا ۔ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ذمرے میں ملک کی سب سے بڑی آئی ٹی کمپنی ڈاٹاایکزین ٹیکنالوجی پرائیویٹ لمیٹیڈ نے اردو سمیت ملک کی آٹھ مختلف زبانوں میں ڈاٹامیل ایجاد کیا ہے جس کے تحت اب ای میل ایڈریس اردو اور دیگر زبانوں میں بھی لکھا جاسکے گا ۔ دنیا کی پہلی مختلف زبانوں والی مفت ای میل سروس کے موجد ڈاکٹر اجئے ڈاٹا نے بتایا کہ ملک کی ایک بڑی آبادی کا تعلق غیر انگریزی داں طبقہ سے ہے لیکن چونکہ ای میل ایڈریس صرف انگریزی میں ہی لکھا جاتا تھا اس دقت کو محسوس کرتے ہوئے ان کی کمپنی نے اردو، ہندی، مراٹھی، گجراتی، پنجابی ، تمل، تیلگواوربنگالی زبانوں میں ای میل ایڈریس ایجاد کیا ہے جس سے غیر انگریزی داں طبقہ کو راحت حاصل ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ جلد ہی ان کی کمپنی غیر ملکی زبانیں عربی، روسی زبان اور چائنیز میں ای میل ایڈریس ایجاد کرنے والی ۔
ڈاکٹر اجئے نے کہا کہ یہ خدمات مفت دستیاب ہوگی اور انٹرنیٹ سے صرف ڈاؤن لوڈ کرنے کے بعد اس کا استعمال موبائل اور کمپیوٹر میں کیا جاسکے گا ۔ کمپنی کے سربراہ نے مزید کہا کہ امسال رمضان کے موقع پر ان کا ممبئی میں آنا ہوا تھا اس دوران انہوں نے اردو اخبارات میں مختلف اشہارات دیکھے جس میں مضمون اردو میں لکھا ہوا تھا لیکن ای میل ایڈریس انگریزی میں تھا اسی کو دیکھتے ہوئے انہوں نے اردو کا بھی انتخاب کیا اور وہ توقع کرتے ہیں کہ اردو داں طبقہ اس سے فائدہ اٹھائے گا ۔