وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کی مخالفت کے باوجود
کلکتہ : مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کی سخت ناراضگی اور مخالفت کے باوجود میں مغربی بنگال میں گائے ڈیو لیمنٹ سیل نے گائے کی گنتی اور تحفظ کے پروگرام کا آغاز کردیا ہے ۔ مہم کے پہلے حصے میں آج ریاست کے مغربی مدنی پور کے نارائن گڑھ میں دو روزہ گائے کیمپ کا انعقاد کیا گیا ہے ۔
مغربی بنگال مسلم لیڈرشپ نے بھی آر ایس ایس سے وابستہ اس سیل کی مہم کی سرگرمیوں تشویش کا اظہار کیا تھا ۔گزشتہ سابق مرکزی وزیر سلطان احمد نے یو این آئی سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس طرح کی مہم سے ریاست میں فرقہ واریت میں اضافہ ہوگا ، انہوں نے کہا تھا کہ ممتا بنرجی کی قیادت والی بنگال حکومت گائے کے نام پر نفرت پھیلانے کی کوشش کامیاب نہیں ہونے دے گی۔
ذرائع کے مطابق اس مہم کا مقصد گائے کی حفاظت ہے اور اس کے علاوہ مرکزی حکومت کے ’’گؤ پوجن ‘‘ اسکیم کے ذریعہ کسانوں کو آسان سے قرض دلانا ہے ۔گؤر کشا سمیتی کے مطابق اس پروگرام میں کئی مسلم کسانوں کو بھی طلب کیا گیا ہے ۔ خیال رہے کہ بی جے پی سے وابستہ گؤ رکشا سیل نے بنگال بھر میں اگست میں گائے کی گنتی کا پروگرا م شروع کرنے کا اعلان کیا تھا ۔اس پر ممتا بنرجی نے سخت تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ ریاست میں امن و امان کی فضا خراب کرنے کی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دی جائے گی ۔
گؤسیل ڈیو لپمنٹ کے صدر سبرتا گپتا کے مطابق یہ ایک ٹریننگ پروگرام ہے جس کے ذریعہ کسانوں کوگائے کے تحفظ کیلئے بیداری لانا اور یہ بتایا جائے گا گائے کو کھانے سے زیادہ منافع گائے کے دودھ کو فروخت کرنے میں ہے اور انہیں مرکزی حکومت کے گؤ پوجن اسکیم کے ذریعہ آسانی سے قرض دلانے کی کوشش کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ یہ مہم ریاست بھر میں چلائی جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ اس پروگرام میں کئی مسلم کسان بھی شرکت کررہے ہیں ۔اس کے علاوہ رضاکارانہ طور پر گھروں میں گائے کی گنتی بھی کی جائے گی۔
گؤ سیل کے مطابق ریاست بھر میں 1000پروگراموں کا انعقاد کیا جائے گا ۔اس کے علاوہ گاؤں کی گنتی بھی کرائے گی ۔اس کیلئے بنگال میں 6,000رضاکاروں کو تیار کیا گیا ہے جو گائے بیداری مہم کا حصہ بنیں گے ۔مسٹرگپتا کے مطابق انہیں بی جے پی ، وی ایچ پی اور بجرنگ دل اوربی جے پی کارکنان کی طرف سے مکمل حمایت حاصل ہے ۔گپتا نے کہا کہ500جوانوں پر مشتمل رپیڈ ایکشن گروپ بنگال کے سرحدی اضلاع جو بنگلہ دیش سے متصل ہیں میں تیار کیا گیا ہے جو گائے کی آمد و رفت پر نظر رکھے گا اور ٹرکوں پر گائے لے جانے والوں کو روکا جائے گا۔