نئی دہلی’:سپریم کورٹ نے دارالحکومت میں چکن گونیا اور ڈینگو کے معاملے سے مناسب طریقے سے نمٹنے کے لئے قدم نہیں اٹھانے پر دہلی حکومت کی آج سرزنش کی۔جسٹس مدن بی لوکر اور جسٹس یو یو لکت کی بنچ نے کہا کہ حکومت یہ کیسے کہہ سکتی ہے کہ افسران ذمہ داری لینے کو تیار نہیں ہیں۔ یہ بے حد سنگین الزام ہے ۔ عدالت نے معاملے کی سماعت تین اکتوبر تک کے لئے ملتوی کرتے ہوئے ریاستی حکومت سے کہا کہ آپ کو ان افسران کے نام بتانے ہوں گے ۔عدالت نے کہا کہ دہلی کے لوگوں کو اس طرح چھوڑا نہیں جاسکتا۔ ریاستی حکومت پیر (تین اکتوبر) تک ان افسران کے نام بتائے ۔ یہ نام مہر بند لفافے میں نہ ہو۔ عدالت عظمی نے کہا کہ آپ نے کھلی عدالت میں الزام لگائے ہیں تو نام بھی عدالت میں پیش کریں۔دہلی حکومت کی طرف سے وزیر ستیندر جین نے حلف نامہ درج کرکے کہا تھا کہ افسر ذمہ داری نہیں لے رہے ہیں۔ سار ی فائلیں لفٹننٹ گورنر کے پاس ہیں اور افسران تعاون نہیں کررہے ہیں۔ لفٹننٹ گورنر سرکاری کام کاج میں رخنہ ڈال رہے ہیں۔خیال رہے کہ دہلی میں چکن گونیا اور ڈینگو کے معاملے کی سماعت ہورہی ہے ۔ سپریم کورٹ نے معاملے کا از خود نوٹس لیتے ہوئے دہلی حکومت اور سوک ایجنسیوں کو نوٹس جاری کرکے جواب طلب کیاتھا۔