نئی دہلی۔ بی ایس پی لیڈر مختار انصاری کو جھٹکا دیتے ہوئے عدالت نے انکی پیرول پر رہائی کی عرضی منسوخ کر دی ہے۔ دہلی ہائی کورٹ نے بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کے شہ زور لیڈر مختار انصاری کا پیرول منسوخ کر دیا ہے اور انہیں اب جیل میں رہ کر ہی الیکشن لڑنا پڑے گا۔ الیکشن کمیشن نے انصاری کو پیرول دیے جانے کے خلاف دہلی ہائی کورٹ میں عرضی دائر کی تھی۔
انصاری پوروانچل کے شہ زور لیڈروں میں شامل ہیں اور وہ مئؤ سے بی ایس پی کے ٹکٹ پر اسمبلی کا الیکشن لڑرہے ہیں۔ انصاری بھارتیہ جنتا پارٹی ممبر اسمبلی کرشن آنند رائے کے قتل کے ملزم ہیں۔ کمیشن نے اپنی درخواست میں کہا تھا کہ ان کے پیرول پر باہر آنے سے قانون و انتظام کی صورت حال پر برا اثر پڑے گا اور وہ گواہوں کو بھی متاثر کر سکتے ہیں۔ کمیشن کی درخواست کو قبول کرتے ہوئے عدالت نے انصاری کا پیرول منسوخ کر دیا۔