نئی دہلی۔ گردابی طوفان مورا نے بنگلہ دیش میں شدید تباہی مچائی ہے۔ ہزاروں لوگ بے گھر ہو گئے ہیں۔ اس دوران ہندوستانی بحریہ (نیوی) نے ریسکیو آپریشن میں تقریبا 27 لوگوں کو بچا لیا ہے۔
بحریہ ترجمان کیپٹن ڈی کے شرما نے بدھ کو کہا، ہندوستانی بحریہ کے جہاز سمترا نے بنگلہ دیش کے چٹگاوں سے 100 میل کے فاصلے پر سمندر میں پھنسے ہوئے 27 لوگوں کو بچایا ہے۔ اس میں بچے، خواتین اور بزرگ سب شامل ہیں۔
مشرقی بحریہ کمان نے پی -81 ائیرکرافٹ کو بنگلہ دیش میں ریسکیو آپریشن کے لئے تعینات کیا ہے۔ حالانکہ، خراب موسم کی وجہ سے ریسکیو آپریشن بری طرح متاثر ہوا ہے۔
بتا دیں کہ بدھ کو گردابی طوفان مورا کی وجہ سے بنگلہ دیش میں چھ افراد کی موت ہو گئی، وہیں کئی گھر تباہ ہو گئے۔ چٹگاوں میں تمام پروازیں منسوخ ہو گئی ہیں۔ وہیں، 10 ضلع کے 2.5 ملین لوگوں کو محتاط رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔