لکھی سرائے : بہار میں انتہا پسندی سے متاثرہ لکھی سرائے ضلع کے کجرا تھانہ حلقہ میں کل دیر رات نکسلیوں کے ساتھ تصادم کے دوران اسپیشل ٹاسک فورس (ایس ٹی ایف) کا ایک جوان شہید ہو گیا وہیں کچھ نکسلی بھی گولی لگنے سے زخمی ہوئے ہیں۔پولیس سپرنٹنڈنٹ اشوک کمار نے آج یہاں بتایا کہ گھوگھر وادی گاؤں کے قریب پہاڑی پر ممنوعہ تنظیم ہندوستان کی کمیونسٹ پارٹی (ماؤنواز) عسکریت پسندوں کے خلاف تلاشی مہم چلائی جا رہی تھی ۔ اس دوران دیر رات ماؤنوازوں نے پولیس پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔ انہوں نے بتایا کہ اچانک ہوئے حملے میں ایس ٹی ایف کا جوان اجے کمار منڈل گولی لگنے سے شہید ہو گئے ۔مسٹر کمار نے بتایا کہ تلاشی مہم میں سنٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف)، ایس ٹی ایف اور ضلع پولیس شامل تھی۔ انہوں نے بتایا کہ شہید جوان بھاگلپور ضلع کے نوگچھیا کے رہنے والے تھے ۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ کے مطابق جائے حادثہ پر خون کے نشانات ملے ہیں جس سے لگتا ہے کہ بڑی تعداد میں نکسلی بھی زخمی ہوئے ہیں جنہیں ان کے ساتھی جنگل کی طرف لے کرفرار ہو گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ماؤنواز حملہ سے پولیس گھبرانے والی نہیں ہے اور ان کے خلاف تلاشی مہم جاری رہے گی۔ اس درمیان واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ایس ٹی ایف کے پولیس سپرنٹنڈنٹ شودیپ لانڈے پٹنہ سے جائے حادثہ کی جانب روانہ ہو گئے ہیں۔