نئی دہلی : سی بی ایس ای کے دسویں اور 12 ویں کے امتحانات 9 مارچ سے ہوں گے۔ پانچ ریاستوں کے اسمبلی انتخابات كو دیکھتے ہوئے اس بار سنٹرل بورڈ آف سکنڈری ایجوکیشن (سی بی ایس ای )کے امتحانات نو مارچ سے شروع ہوں گے۔
دسویں کلاس کے امتحانات نو مارچ سے 10 اپریل جبکہ بارہویں کے امتحانات نو مارچ سے شروع ہو کر 29 اپریل تک ہوں گے۔ سی بی ایس ای کی ریلیز کے مطابق دسویں کلاس کے امتحان میں کل 16 لاکھ 67 ہزار 573 طلبا شرکت کرینگے جبکہ 12 ویں کے امتحانات میں 10 لاکھ 98 ہزار 420 طلبا حصہ لیں گے۔
اتر پردیش، پنجاب، اتراکھنڈ، گوا اور منی پور میں اسمبلی انتخابات کا عمل آٹھ مارچ كو ختم ہو جانے کے بعد سی بی ایس ای نے نو مارچ سے ان امتحانات کو منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ یہ امتحانات آسانی سے انجام پا سکیں اور طلباء اور والدین کو کسی طرح کی پریشانی نہ ہو۔
بورڈ نے جے ای ای اور قومی اہلیتی مع داخلہ امتحان کو ذہن میں رکھتے ہوئے بھی ان امتحانات کا پروگرام مقرر کیا ہے اور پرچوں کی تاریخیں بھی اسی حساب سے طے کی گئیں ہیں تاکہ طالبا کو کافی وقت مل سکے۔ ہر سال عام طور پر یہ امتحانات مارچ کے پہلے ہفتے میں ہی شروع ہو جاتے تھے لیکن اس بار ایک ہفتے کے بعد ہونے سے طلبہ کو امتحان کی تیاری کے لئے اضافی وقت مل جائے گا۔