نئی دہلی: سی بی ایس ای اسکولوں میں دسویں کلاس میں سات سال کے وقفہ کے بعد بورڈ امتحانات کی واپسی ہونے والی ہے۔ مرکزی ثانوی تعلیمی بورڈ (سی بی ایس ای) کی گورننگ باڈی نے منگل کو تبدیلی سے متعلق فیصلہ پر مہر لگا دی۔ تاہم ان تبدیلیوں کو 2017 کے امتحان میں نافذ نہیں کیا جائے گابلکہ تبدیلی کے ساتھ پہلا امتحان مارچ 2018 میں ہوگا۔
نئی تبدیلیوں کے تحت فیصلہ کیا گیا ہے کہ کل مارکس کا 80 فیصد حصہ بورڈ امتحان پر اور 20 فیصد حصہ انٹرنل اسسمنٹ پر مبنی ہوگا۔ اس سے پہلے مرکزی انسانی وسائل کے وزیر پرکاش جاوڈیکر نے بھی کہا تھا کہ سی بی ایس ای اسکولوں میں دسویں کے بورڈ امتحان 2017-18 سے دوبارہ شروع کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ 2009 میں سی سی ای شروع ہونے کے بعد 2011 سے بورڈ نے دسویں کلاس کے بورڈ امتحان کو آپشنل قرار دیا تھا۔ اس کا یہ مطلب تھا کہ سینئر سکینڈری میں پڑھنے والے طلبہ کے پاس امتحان میں بیٹھنے یا نہیں بیٹھنے کا اختیار تھا۔ اس کے بعد سی بی ایس ای نے ایک سروے کیا تھا ، جس میں زیادہ تر نے اس بات پر رضامندی ظاہر کی تھی کہ دسویں کا بورڈ امتحان لازمی ہونا چاہئے۔ اسی کے بعد مرکزی انسانی وسائل کی ترقی کی وزارت نے امتحان کی واپسی کا فیصلہ کیا۔