لکھنو : مایا وتی نے ای وی ایم میں گڑبڑی کا الزام لگاتے ہوئے یوپی الیکشن کے نتائج کو رد کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ بہوجن سماج پارٹی نے الیکشن کمیشن سے انتخابی نتائج کو رد کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔ بی ایس پی کے مطابق ای وی ایم مشینوں میں گڑبڑی ہوئی ہے ۔ خیال رہے کہ اترپردیش میں بی جے پی کی حکومت یقینی ہے ۔ اب تک کے نتائج اور رجحانات میں بی جے پی کو تین سو سے زیادہ سیٹیں ملتی ہوئی نظر آرہی ہیں ۔ جبکہ بی ایس پی کا تقریبا صفایا ہوتا ہوا نظر آرہا ہے ۔
اپنی شکست پر بولتے ہوئے بی ایس پی سپریمومایا وتی نے کہا کہ ای وی ایم میں گڑبڑی ہوئی ہے ۔ انہوں نے الیکشن کمیشن سے نتائج کو رد کرتے ہوئے ای وی ایم کی جگہ بیلٹ پیپر کے ذریعہ ووٹنگ کا مطالبہ کیا ۔ مایا وتی کے کہا کہ مسلم برادری کا کہنا ہے کہ انہوں نے بی جے پی کو ووٹ ہی نہیں دیا ، تو پھر مسلم اکثریتی علاقوں میں بی جے پی کی جیت کیسے ہوگئی ۔
بی ایس پی سپریمو نے کہا کہ امت شاہ اور نریندر مودی اگر ذرہ برابر بھی ایماندار ہیں ، تو انہیں الیکشن کمیشن کو خط لکھ کر دوبارہ بیلٹ پیپر کے ذریعہ ووٹنگ کی اپیل کرنی چاہئے ۔ خیال رہے کہ اب تک کے نتائج اور رجحانات کے مطابق بی جے پی 316 سیٹوں پر آگے ہے جبکہ ایس پی اور کانگریس اتحاد محض 56 سیٹوں پر آگے ہے ۔ بی ایس پی کا تقریبا صفایا ہی ہوتا ہوا نظر آرہا ہے ۔ وہ صرف 25 سیٹوں پر آگے چل رہی ہے۔