نئی دہلی : فیس بک پر بی ایس ایف کے ایک کلرک نے ایک ویڈیو پوسٹ کی ہے ، جس میں انہوں نے الزام عائد کیا ہے کہ سیل کے لئے جو شراب ہوتی ہے ، اسے باہر کے لوگوں کو فروخت کیا جاتا ہے۔ انہوں نے دعوی کیا کہ اس سلسلے میں شکایت کئے جانے کے باوجود کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ کلرک نورتن چودھری نے جو ویڈیو ڈالا ہے ، وہ وائرل ہو گیا ہے ۔ ادھر بی ایس ایف حکام نے کہا کہ ان کی شکایت کی جانچ کی جائے گی ۔
نورتن چودھری راجستھان کے بیکانیر کے رہنے والے ہیں ۔ وہ گجرات کے کچھ ضلع میں گاندھی دھام واقع بی ایس ایف کی 150 ویں بٹالین میں ملازم ہیں ۔ انہوں نے 26 جنوری کو یہ ویڈیو ڈالا تھا ۔ اس میں ایک شہری کو شراب کی بوتلیں لے جاتے دکھایا گیا ہے ۔ گجرات میں شراب کی فروخت اور کھپت پر پابندی ہے ۔ چودھری نے ویڈیو میں الزام لگایا کہ ایماندار اور ملک کا سچا سپاہی ہونے کے سبب مجھے سزا دی جا رہی ہے ۔
چودھری نے کہا کہ ہر مرتبہ میں جب کسی غلط چیز کی شکایت کرتا ہوں ، میرا کسی نئی جگہ ٹرانسفر کر دیا جاتا ہے ۔ لیکن وہ میرا حوصلہ نہیں توڑ سکتے ۔ چودھری نے تین منٹ کی ویڈیو میں دعوی کیا ہے کہ اب وہ لوگ آمریت کی حدیں پار کر چکے ہیں ۔ میں آپ سے کھل کر کہہ سکتا ہوں کہ بی ایس ایف میں کرپشن ہے ، لیکن اگر آپ اس کے بارے میں شکایت کرتے ہیں ، تو آپ کوئی بڑا جرم کرتے ہیں ۔