ممبئی۔ کسی کو حق نہیں کہ سوال کرے کے میں کس طرح کی ماں ہوں۔ بولی وڈ اداکارہ کرینہ کپور خان نے اپنے فلمی کیریئر کے ساتھ اپنے حاملہ ہونے کا وقت ایسے گزارا کے وہ کئی خواتین کے لیے مثال بن گئیں۔ دسمبر میں اپنے پہلے بیٹے تیمور علی خان کی پیدائش کے بعد کرینہ ایک مرتبہ پھر اپنی فلموں میں کام کا آغاز کرنے جارہی ہیں، جہاں کئی لوگوں نے ان کی پیشہ ورانہ رویے کی تعریف کی وہیں بہت سے لوگوں نے کرینہ کپور کو اپنے بیٹے کو وقت نہ دینے پر تنقید کا نشانہ بنایا۔ بومبے ٹائمز کو ایک انٹرویو دیتے ہوئے کرینہ کپور خان نے اپنے اوپر ہونے والی تنقید کے حوالے سے بات کی۔
کرینہ کپور خان کا کہنا تھا کہ ‘میں کس طرح کی والدہ ثابت ہوں گی یہ وقت کے ساتھ سب کو پتا چل جائے گا، میں اپنی چھت پر کھڑے ہو کر چلا چلا کر نہیں بتاسکتی کے میرا یہ دور کیسا رہا اور میں تیمور سے کتنا پیار کرتی ہوں، لوگ ہمیشہ آپ کو جج کرتے ہیں اور اس کا دباؤ بھی ہمیشہ رہتا ہے پھر چاہے آپ کچھ بھی کرلیں’۔ انہوں نے مزید کہا کہ ‘ہاں میں نے تیمور کو پیدا کرنے کے چند روز بعد ہی اپنے کام کا آغاز کردیا، لیکن جب لوگ اس پر تنقید کریں تو افسوس ہوتا ہے، کسی کو حق نہیں کہ وہ سوال کرے کے میں کس طرح کی ماں ہوں، ہر کسی کے پاس اپنی رائے ہے، 9 مہینوں کے دوران ہر ماں اور اس کے بچے کا تجربہ الگ ہوتا ہے’۔
کرینہ کپور کے خیالات بولی وڈ سے تعلق رکھنے والی ایک اور ماں میرا راجپوت کے خیالات سے بالکل برعکس ہیں۔ رواں سال مارچ میں شاہد کپور کی اہلیہ میرا راجپوت نے پیشہ ور ماؤں کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ‘میں اپنی بیٹی کے ساتھ ایک گھنٹہ گزار کر کام کے لیے نہیں بھاگ سکتی، میں نے پھر اسے پیدا کیوں کیا؟ میشا (بیٹی) کوئی جانور نہیں، میں اس کے پاس رہنا چاہتی ہوں’۔
کئی افراد نے میرا راجپوت کے اس بیان کو کرینہ کپور پر ایک تنقید بھی سمجھا، تاہم کرینہ کپور کے جواب نے شاید سب کو خاموش کر دیا ہوگا۔