ممبئی : میونسپل انتخابات میں شیوسینا ممبئی کی سب سے بڑی پارٹی بن کر ابھری ہے۔ نتیجہ آنے کے بعد شیو سینا کے سربراہ ادھو ٹھاکرے اور مہاراشٹر کے وزیر اعلی دیویندر فرنویس دونوں نے ہی ممبئی میں اپنا میئر ہونے کا دعوی کیا ہے۔ ادھو ٹھاکرے نے کہا کہ نہ صرف میئر بلکہ اگلا وزیر اعلی بھی ہمارا ہوگا۔ ادھو کے اس بیان سے ریاست میں وسط مدتی انتخابات کی بھی قیاس آرائی کی جا رہی ہیں۔
خیال رہے کہ 227 رکنی بی ایم سی کی 84 سیٹوں پر شیو سینا آگے ہے، وہیں بی جے پی کو 82 سیٹوں پر برتری حاصل ہے۔ تھانے کی 132 سیٹوں میں شیوسینا نے 43 نشستیں، بی جے پی نے 17، این سی پی نے 22، کانگریس اور ایم آئی ایم نے دو دو اور آزاد امیدوار نے ایک سیٹ جیتی ہے۔ ریاست کی 10 میونسپل کارپوریشن میں سے 8 پر بی جے پی جبکہ دو پر شیوسینا آگے چل رہی ہے۔
بی ایم سی انتخابات کے بعد شیو سینا سربراہ ادھو ٹھاکرے نے تمام شیو سینکوں کا شکریہ ادا کیا ۔ انہوں نے دعوی کیا کہ میئر شیوسینا کا ہوگا۔ ہماری پارٹی نمبر ایک کی پارٹی ہے۔ ادھو نے کہا کہ کچھ لوگوں کے نام فہرست میں نہیں تھے، اس معاملہ کی جانچ ہونی چاہئے۔ اتحاد کس کے ساتھ ہو گا، وہ نظر آئے گا۔ فی الحال ہماری پارٹی نمبر ون ہے۔
بی ایم سی میں بی جے پی سے اتحاد کے سوال پر ادھو نے کہا کہ میں نے پہلے ہی اپنی الگ راہ کے بارے میں بتا دیا ہے۔ میئر شیوسینا کا ہی بنے گا، بس تھوڑا انتظار کریں۔ کس طرح نمبر آئیں گے، یہ آپ لوگ دیکھ لیجیے گا۔
ادھر انتخابات میں کامیابی ملنے پر وزیر اعلی نے کہا کہ ممبئی مهانگرپالیكا میں میئر کس کا ہوگا، یہ کور کمیٹی میں طے کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ میں سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ لوگوں نے مودی جی کے کام پر اعتماد کیا ۔ یہ فتح بے مثال ہے۔ ہم نے جس ایجنڈے پر لوگوں سے ووٹ مانگا، وہ ملا۔ ہم نے پوری سیٹ بھی نہیں لڑی، تب بھی اتنا جیتے، ایک جگہ اب بھی ٹائی پر ہے۔