یوپی کے بلیا میں ایک شادی کے دوران کھانا کھلانے پر ہوئے تنازعہ میں ایک نوجوان کی موت اور دیگر 5 زخمی ہو گئے ہیں۔ تمام زخمیوں کو ضلع اسپتال میں داخل کیا گیا ہے جہاں ان کا علاج چل رہا ہے۔ پولیس نے معاملہ درج کر کاروائی شروع کر دی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ منیر تھانہ کے وکرم پور کے باشندہ ہری کشن پٹیل کی بیٹی کی ہفتہ کے روز شادی تھی۔ سکھپورا تھانہ کے پسنت پور گاوں سے بارات آئی تھی۔ کھانے کے درمیان گاوں کے کچھ نوجوان کھانا کھانے بیٹھے تو کھانا کھلا رہے لوگوں نے پتل(پلیٹ) کم ہونے کی بات کہتے ہوئے بتایا کہ تھوڑی دیر میں گھر کے اندر سے پلیٹیں آجائیں گی۔
واضح ہو کہ اسی بات پر نوجوانوں نے کہا کہ جب پلیٹٰیں نہیں تھیں تو دعوت ہی کیوں دی۔ دریں اثنا اسی بات کو لے کر دونوں گروپوں کے درمیان تنازعہ شروع ہو گیا اور پھر مارپیٹ ہوگئی۔ لیکن اس وقت دیگر لوگوں کے سمجھانے پر معاملہ ختم ہو گیا، مگر جب ان نوجوانوں کے گاوں والوں کو واقعہ کا پتہ چلا تو وہ لاٹھی ، ڈنڈا اور ہاکی لے کر ہری کشن کے دروازہ پر پہنچ گئے اور باراتیوں کو کھانا کھلا رہے نوجوانوں کی پٹائی کرنے لگے۔