اعظم خان نے کہا کہ انہیں مودی کی طرح چائے بنانا آتا ہے، وہ سلیقے سے کپڑے پہنتے ہیں، ڈھول بجا سکتے ہیں لہذا وزیر اعظم بننے کے لئے فٹ امیدوار ہیں۔ سماج وادی پارٹی کے سینئر لیڈر اور اتر پردیش کی حکومت میں وزیر، اعظم خان بھلے ہی وزیر اعظم نریندر مودی کے سخت ناقد ہوں، لیکن ان کا کہنا ہے کہ ان میں مودی جیسی بہت سی خصوصیات ہیں۔
یہاں ای رکشہ تقسیم کے پروگرام میں اعظم خان نے کہا کہ مجھ میں وزیر اعظم بننے کی سارے خصوصیات ہیں۔ میں چائے بنا سکتا ہوں، ڈھول بجا سکتا ہوں، کھانا بنا سکتا ہوں اور سلیقے سے کپڑے پہن سکتا ہوں۔ اس کے علاوہ، میں دکھنے میں بھی کچھ خاص برا نہیں ہوں اور نہ ہی بدعنوان ہوں۔ اعظم خان نے ابتدائی دنوں میں مودی کے چائے والے کے طور پر کئے گئے کام، ان کے نام لکھے سوٹ اور جاپان اور تنزانیہ میں ڈھول بجانے والے واقعات کو لے کر وزیر اعظم پر چٹکی لی۔
ہر ہندوستانی کے اکاؤنٹ میں 15-15 لاکھ روپے جمع کرانے کے مودی کے انتخابی وعدوں پر چٹکی لیتے ہوئے اعظم خان نے کہا کہ اگر میں وزیر اعظم بن جاتا ہوں تو میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ میں چھ ماہ کے اندر اندر 130 کروڑ لوگوں کے بینک اکاؤنٹس میں 20-20 لاکھ روپے جمع کرا دوں گا۔ میں ان کی طرح نہیں ہوں جو اپنے وعدے پورے نہیں کرتے۔
اعظم خان نے کہا کہ اگر پیسے جمع کرائے گئے ہوتے تو کوئی بھی غریب نہیں رہتا۔ لوگوں کو روزی روٹی کمانے کے لئے یہاں ای رکشہ لینے نہیں آنا پڑتا، بلکہ وہ کروڑ پتی بن چکے ہوتے۔ اعظم خان نے دعوی کیا کہ رکشہ چلانے والے کو اپنی بیٹی کی شادی میں ہمیشہ مشکل کا سامنا کرنا پڑتا ہے کیونکہ لڑکے والے اس کی سماجی حیثیت اور کام کی وجہ سے اس کی پیشکش کو مسترد کر دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اترپردیش حکومت سائیکل رکشہ کے بدلے ای رکشہ دے رہی ہے تاکہ انہیں اچھا کمانے اور اپنی عزت دوبارہ حاصل کرنے کا موقع ملے۔