لکھنؤ:اترپردیش کے 2017میں ہونے والے اسمبلی انتخابات میں شفافیت برقرار رکھنے کے لئے الیکشن کمیشن ہر پولنگ بوتھ کی ویڈیو گرافی کی تیاری کررہا ہے ۔
سرکاری ذرائع نے آج یہاں بتایا کہ ویڈیو گرافی کرانے کے لئے پہلی بار ہر ایک بوتھ کا ڈیجیٹل میپ تیار کئے جانے کا منصوبہ ہے ۔الیکشن کمیشن ووٹنگ کے دن زیادہ سے زیادہ پولنگ اسٹیشن کی نگرانی رکھنے کے لئے تیاری میں لگا ہے ۔
الیکشن کمیشن نے آئندہ ایک ستمبر تک ووٹر لسٹ تیار کرانے کا حکم دیا ہے ۔
انتظامیہ فرضی ووٹروں کولسٹ سے ہٹانے ،غلطیوں کو ٹھیک کرنے اور نئے ووٹروں کو لسٹ میں جوڑنے کی تیاری میں لگا ہے ۔
ووٹر لسٹ میں سدھار کے لئے الیکشن کمیشن نے 24اکتوبر تک کا وقت دیا ہے ۔
اس کے بعد کوئی درخواست منظور نہیں کی جائے گی۔آئندہ پانچ دسمبر تک آخری رپورٹ تیار کی جائے گی۔ووٹر لسٹ آئندہ سال دوجنوری کو تیار کی جائے گی۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ گزشتہ ماہ دہلی میں سینئر افسروں کی ایک میٹنگ ہوئی تھی۔میٹنگ میں تمام پولنگ بوتھوں کی ویڈیوگرافی کرائے جانے کافیصلہ کیا گیا تھا۔اس کے لئے تیاریاں کرنے کا حکم دیا گیاہے ۔
الیکشن کمیشن ابھی تک صرف حساس اور زیادہ حساس بوتھوں کی ویڈیوگرافی کراتا تھا۔منصوبے کے مطابق پولنگ اسٹشنوں کی اطلاع کے لئے گوگل میپ سے مدد لی جارہی ہے ۔ڈیجیٹل میپ کے ذریعہ اب سبھی پولنگ اسٹیشنوں ،عام لوگوں اور ووٹنگ میں کام کرنے والے تمام ملازمین کی اطلاع اس میں یکجا ہوجائے گی۔
ذرائع نے بتایا کہ سبھی پولنگ بوتھوں کی ویڈیو گرافی کرانے کی تیاری کی جارہی ہے ۔پولنگ اسٹیشنوں کا ڈیجیٹل میپ سبھی اضلاع میں تیار کیا جارہا ہے ۔اس کے لئے زیادہ سے زیادہ پولنگ اسٹیشنوں کو لانے کی تیاری کی جارہی ہے ۔ریاست میں اس وقت تقریباً 14کروڑ رائے دہندگان ہیں۔