ممبئی: ایک طرف جہاں کئی لوگوں کا ماننا ہے کہ بولی وڈ اداکارہ کرینہ کپور خان کا کیرئیر شادی کے بعد زوال پذیر ہورہا ہے وہیں معروف اداکار انیل کپور کا اس حوالے سے کچھ اور ہی سوچتے ہیں۔
این ڈی ٹی وی کی ایک رپورٹ کے مطابق انیل کپور، کرینہ کپور خان کو آج کے دور کی بہادر ماڈرن عورت مانتے ہیں۔
انیل کپور کا کہنا تھا، ’آج کے دور کی بہادر ماڈرن خاتون کی سب سے بڑی مثال کرینہ کپور ہیں، وہ ماں بننے والی ہیں لیکن ان کی اگلی فلم کا اسکرپٹ بھی تیار ہے، وہ میری بیٹی کی فلم میں مرکزی کردار ادا کررہی ہیں، اس سے بڑی تبدیلی اور کیا ہوگی؟ یہ ریہا اور کرینہ کا بہترین فیصلہ ہے‘۔
انہوں نے اس سب کی وجہ انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں اداکاروں میں آنے والی برابری کو ٹہرایا۔
انیل کا مزید کہنا تھا کہ ’بولی وڈ میں اب تبدیلی آرہی ہے، اب خواتین بھی مردوں کی طرح بڑی اسٹارز مانی جاتی ہیں، انہیں اداکاروں کے برابر کا معاوضہ دیا جارہا ہے اور کہیں تو اداکارائیں زیادہ بھی کما رہی ہیں‘۔
واضح رہے کہ کرینہ کپور خان کے ہاں رواں برس کے آخر میں بچے کی پیدائش متوقع ہے جبکہ وہ ہدایت کار ریہا کپور کی فلم ’ویرے دی ویڈنگ‘ کی شوٹنگ کا آغاز اگست میں کریں گی۔
اس فلم میں کرینہ کے ساتھ ساتھ ریہا کی بہن سونم کپور بھی کام کرتی نظر آئیں گی۔
فلم ’ویرے دی ویڈنگ‘ چار دوستوں کی زندگی اور ان کے دلچسپ سفر پر مبنی ہے جو ایک شادی پر آکر ختم ہوگی۔